پانی ہماری ریڈلائن ،روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی: وزیراعظم

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہےکہ پانی ہماری ریڈلائن ہے اور پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی۔ پاکستان اور مالدیپ کے درمیان مختلف شعبوں میں مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے کی تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور مالدیپ کے صدر ڈاکٹرمعیزو موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات مختلف شعبوں میں مضبوط ہوئے، اقتصادی تعاون، تجارت، دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پرتبادلہ خیال ہوا، مالدیپ کے طلبہ کی بڑی تعداد پاکستانی اداروں میں زیر تعلیم ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹرز اور معاون طبی عملہ مالدیپ میں انسانیت کی خدمات کررہاہے، برادرملک کی حیثیت سے مالدیپ کی مزیدضروریات کوبھی پوراکرکے خوشی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ مالدیپ مسئلہ فلسطین کی مکمل حمایت کرتا ہے، پاکستان آزاد اور خودمختار فلسطینی ریاست کیلئے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔ شہباز شریف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی کا بھارتی فیصلہ ناقابل قبول ہے، عالمی سطح پر تسلیم شدہ معاہدوں پر عملدرآمد تمام ملکوں کی ذمہ داری ہے، پاکستان کا واضح موقف ہے کہ پانی ہماری ریڈلائن ہے، پاکستان کا پانی روکنے کی کوئی بھی کوشش جنگی اقدام تصور ہوگی۔

اس موقع پر مالدیپ کے صدر ڈاکٹرمعیزو نے کہا کہ دونوں ملکوں کے سفارتی تعلقات کے 60 سال باہمی تعاون پر مبنی ہیں، تعلیم، صحت تجارت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کوبڑھائیں گے۔ ڈاکٹرمعیزو نے کہا کہ پاکستان، مالدیپ بزنس فورم میں تجارتی واقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی، یوتھ ایکسچینج پروگرام کے تحت وفود کےتبادلوں کو وسعت دیں گے، اے آئی، ڈیجیٹائزیشن سمیت جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ وقت کی ضرورت ہے۔