بلوچستان کے شہریوں کیلئے صحت سے متعلق بڑی سہولت متعارف

کوئٹہ (مشرق نیوز) حکومت بلوچستان نے صوبے کے دور دراز علاقوں میں عام آدمی کی سہولت کیلئے جدید ڈیجیٹل ایپ متعارف کروا دی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت نے دور دراز علاقوں میں سردی میں ٹھٹھرتے اور گرمی میں جھلستے عام آدمی کی سہولت کیلئے ”صحت دہلیز“ کے نام سے مفت طبی مشاورت کی ایپ فعال کر دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پہلے ہی دن 791 کنسلٹیشن کالز کے ذریعے سے تجربہ کار ڈاکٹرز کی جانب سے مفت طبی مشاورت فراہم کی گئیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مطابق ایپ کے ذریعے 24 گھنٹے اور سال کے 365 دن عوام الناس کو ہر وقت طبی ماہرین دستیاب ہوں گے۔