سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آئی وی کے بڑھتے کیس، ملک میں طبی ایمرجنسی کا مطالبہ

کراچی (مشرق نیوز) سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آئی وی کے بڑھتے کیسوں کے باعث ملک میں طبی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا۔ ایچ آئی سی سے متاثرہ بچوں کے وکیل طارق منصور نے وفاقی حکومت کو خط ارسال کرتے ہوئے سرکاری اسپتالوں میں بچوں میں ایچ آئی وی کے مبینہ پھیلاو کے معاملے پر وفاقی سطح پر تحقیقاتی کمیشن بنانے اور طبی ایمرجنسی نافذ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

طارق منصور نے خط میں موقف اختیار کیا کہ ولیکا ہسپتال سمیت سرکاری ہسپتالوں میں ایچ آئی وی کے کیس تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے ساتھ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دی جائے۔

خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستان کمیشن آف انکوائری ایکٹ 2017 کے تحت تحقیقات شروع کی جائیں اور وفاقی تحقیقاتی اداروں کو اس عمل میں شامل کیا جائے۔ طارق منصور نے مطالبہ کیا کہ ایف آئی اے، آئی بی، نیب، ملٹری انٹیلی جنس اور آئی ایس آئی کو تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ ڈریپ اور قومی ادارہ صحت سمیت متعلقہ وفاقی اداروں کو بھی تحقیقات میں شامل کیا جائے اور ساتھ ساتھ ہسپتالوں میں بچوں کے ایچ آئی وی سے متاثر ہونے کے واقعات کی جامع تحقیقات کی جائیں۔

متاثرہ بچوں کے وکیل نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ اسپتالوں کے طبی، انتظامی اور مالی ریکارڈ کو محفوظ بنایا جائے اور ان کا فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔ طارق منصور نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ تحقیقاتی کمیشن کی رپورٹ عوام کے سامنے لائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔