ملک چلانے والوں کو احساس ہو چکا کہ موجودہ نظام موثر نہیں رہا: سید مصطفی کمال

کراچی (مشرق نیوز) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ملک چلانے والوں کو احساس ہو چکا ہے کہ موجودہ نظام موثر نہیں رہا۔ کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ دنیا لائف اسٹائل میڈیسن کی طرف جاچکی لیکن ہمیں بیماری سے پہلے بچاو کی جانب جانا ہوگا، صحت کی اصلاح حکومت اکیلے نہیں کرسکتی، نجی شعبہ اور جامعات ساتھ دیں، علاج معالجہ نہیں، احتیاط پر سرمایہ کاری کرنی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آبادی میں مسلسل اضافے سے صحت کا نظام دباو¿ کا شکار ہے، اسپتالوں کی تعداد بڑھانا اکیلا حل نہیں، مریضوں کی تعداد کم کرنا ہوگی، ملک کا صحت کا نظام تباہی کے دہانے پر پہنچ چکا ہے، سالانہ 11 ہزار مائیں دوران زچگی جان کی بازی ہار جاتی ہیں اور روزانہ 1300 بچوں کی اموات تشویشناک ہیں۔

سید مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس اور نظام حکمرانی پر ملک میں سنجیدہ مکالمہ جاری ہے، ملک چلانے والوں کو احساس ہو چکا ہے کہ موجودہ نظام موثر نہیں رہا۔