تہران (مشرق نیوز) ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ تہران میں چار ملکی اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پاکستان کے چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پیش کی تھی جس پر ایران نے آمادگی ظاہر کی۔انکے مطابق ایران آج تہران میں سعودی عرب، پاکستان اور ترکیہ کے اعلیٰ سطحی وفود کی میزبانی کر رہا ہے۔
اسماعیل بقائی نے کہا کہ یہ ملاقاتیں خطے میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔ اجلاس میں اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیوں، لبنان اور ایران کے خلاف جنگ سمیت اہم علاقائی معاملات پر بات چیت ہوگی۔ ایرانی ترجمان کے مطابق ایران کسی بھی ممکنہ صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہے تاہم سفارتکاری کے دروازے بند نہیں کئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثوں کے ذریعے پیغامات کا تبادلہ جاری ہے اور پاکستان ان رابطوں میں اہم کردار ادا کرتا رہا ہے۔ بقائی نے امریکہ کے مطالبات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن ایسے مطالبات کر رہا ہے جنہیں تہران یکطرفہ سمجھتا ہے۔ انکے بقول ایران، امریکہ کے سامنے مکمل ہتھیار ڈالنے کو قبول نہیں کریگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے رکن ممالک کے نمائندوں کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں علاقائی سلامتی اور جاری جنگ سے متعلق امور زیربحث آئیں گے۔ اسرائیل میں انتخابات کے حوالے سے سوال پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ انتخابی نتائج ایران پر اثر انداز نہیں ہوں گے اور تہران کیلئے ان کی کوئی خاص اہمیت نہیں ہے۔
چار ملکی اجلاس کی تجویز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دی تھی: اسماعیل بقائی


















