اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے ضمانت خارج ہونے والے ملزم کی عدم گرفتاری پر پنجاب پولیس پر برہمی کا اظہار کردیا۔
چیک بانس کیس کے ملزم کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دئیے مقدمے میں ٹرائل کورٹ ،ہائیکورٹ ملزم کی ضمانت مسترد کرچکی،گرفتار کیوں نہیں کیا گیا؟ ملزم بغیر ضمانت کے سپریم کورٹ پہنچ گیا،جسٹس ملک شہزاد نے پنجاب پولیس کے اہلکار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ کی ایسی کارکردگی پر تو آئی جی بنانے کی سفارش کرنی چاہئے۔
جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دئیے پنجاب پولیس میں معمول بن چکا ضمانت خارج ہونے کے باوجود ملزم گرفتار نہیں کیا جاتا، قتل جیسے مقدمات میں بھی ضمانت مسترد ہونے پر ملزموں کی گرفتاری نہیں ڈالی جاتی،جسٹس ملک شہزاد نے ملزم کے وکیل سے استفسار کیا آپ خود کیس واپس لیں گے یا عدالت میرٹ پر درخواست خارج کرے؟،بعدازاں ملزم کے وکیل نے درخواست ضمانت واپس لے لی۔
پنجاب پولیس ضمانت خارج ہونے پر بھی ملزم گرفتار نہیں کرتی، سپریم کورٹ


















