لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے عالمی سطح پر ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے دبئی ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2026 کی تین مختلف کیٹیگریز میں ٹاپ فائیو کیلئے جگہ بنا لی ہے۔ دنیا بھر کے 60 سے زائد ممالک سے موصول ہونے والی 700 سے زائد نامزدگیوں میں پنجاب سیف سٹی کے تین منصوبوں اور نمائندوں کا عالمی سطح پر منتخب ہونا پاکستان اور پنجاب کیلئے ایک بڑا اعزاز ہے۔تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کو جدید فرانزک ٹیکنالوجی، عوامی خدمات اور خصوصی افراد کی غیر معمولی پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں تین بین الاقوامی ایوارڈ کیٹیگریز کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ یہ کامیابی عالمی سطح پر جدید پولیسنگ، ٹیکنالوجی کے موثر استعمال اور انسان دوست خدمات کے میدان میں سیف سٹی کی بڑھتی ہوئی شناخت کا واضح ثبوت ہے۔پنجاب سیف سٹی کا الیکٹرانک ڈیٹا اینالیسز سینٹر فرانزک سائنس کے عالمی ایوارڈ کیٹیگری میں دنیا کی پانچ بہترین نامزدگیوں میں شامل ہوا ہے۔ جدید ڈیجیٹل فرانزک ٹیکنالوجی کے ذریعے شواہد کے تجزیے اور تفتیشی عمل میں معاونت فراہم کرنے والا یہ مرکز پنجاب پولیس کی تفتیشی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔اسی طرح سیف سٹی کا میرا پیارا سینٹر پولیسنگ میں بہترین عوامی خدمات کے عالمی ایوارڈ کیلئے ٹاپ فائیو اداروں میں شامل کیا گیا ہے۔ بچوں، خواتین اور دیگر گمشدہ افراد کو ان کے اہل خانہ سے ملانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور موثر رابطہ کاری کے ذریعے خدمات فراہم کرنے والا میرا پیارا سینٹر انسانی ہمدردی اور عوامی خدمت کی ایک نمایاں مثال بن چکا ہے۔انفرادی کارکردگی کی کیٹیگری میں پنجاب سیف سٹی کے پولیس کمیونی کیشن آفیسر فرحان علی نے بھی عالمی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ انہیں خصوصی افراد کیلئے بہترین خدمات اور پیشہ ورانہ کارکردگی کے اعتراف میں عالمی ایوارڈ کیٹیگری کے ٹاپ فائیو امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔ ان کی یہ نامزدگی خصوصی افراد کی خدمت، ہمدردی اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے جذبے کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی احسن یونس نے اس کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز 2026 کی تین مختلف کیٹیگریز میں شارٹ لسٹنگ پاکستان اور پنجاب کیلئے باعث فخر ہے۔ عالمی سطح پر پنجاب سیف سٹی کی مسلسل پذیرائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کے عزم کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی، مو¿ثر پولیسنگ اور عوام دوست اقدامات کے ذریعے شہریوں کے تحفظ اور خدمت کے نئے معیار قائم کر رہی ہے۔ عالمی سطح پر حاصل ہونے والی یہ کامیابی پوری ٹیم کی محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور عوامی خدمت کے غیر متزلزل جذبے کا اعتراف ہے۔ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق تین مختلف عالمی کیٹیگریز میں ٹاپ فائیو کیلئے نامزدگی پنجاب سیف سٹی کی ادارہ جاتی صلاحیتوں اور انفرادی کارکردگی پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔ جدید فرانزک ٹیکنالوجی، بچوں کے تحفظ اور خصوصی افراد کیلئے مو¿ثر خدمات کے شعبوں میں سیف سٹی کی کاوشوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی جدید ٹیکنالوجی اور عوام دوست اقدامات کے ذریعے محفوظ پنجاب کے قیام کیلئے سرگرم عمل ہے۔ بین الاقوامی سطح پر حاصل ہونے والی یہ کامیابیاں نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کر رہی ہیں بلکہ جدید پولیسنگ کے میدان میں پنجاب کی شناخت کو بھی مزید مستحکم بنا رہی ہیں۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کا اعزاز، دبئی ورلڈ پولیس سمٹ ایوارڈز کی 3 مختلف کیٹیگریز میں ٹاپ فائیو میں شامل


















