اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچاو، بروقت تشخیص اور صحتمند طرز زندگی کو قومی ترجیح بنائے۔ صدر زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان میں 2024 کے دوران 3 کروڑ 45 لاکھ بالغ افراد ذیابیطس کے مرض میں مبتلا تھے، جبکہ مریضوں میں سے ایک چوتھائی سے زائد افراد کو اپنی بیماری کی تشخیص ہی نہیں ہوئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچاو، بروقت تشخیص اور صحت مند طرز زندگی کو قومی ترجیح بنائے۔اس سال ذیابیطس کے عالمی دن کا موضوع ”ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدام“ ہے۔ بروقت اقدامات قیمتی انسانی جانیں بچانے اور بیماری کی سنگین پیچیدگیوں سے محفوظ رہنے کیلئے ضروری ہیں۔
صدر مملکت کے مطابق پاکستان میں ذیابیطس کے مریضوں کی تشخیص نہ ہونا تشویشناک صورتحال ہے جو مسلسل اور موثر اقدامات کی متقاضی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی آگاہی کا پیغام پورا سال ہر طبقے اور ہر کمیونٹی تک پہنچنا چاہیے۔ وفاقی اور صوبائی حکومتیں، طبی ماہرین، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی ذیابیطس سے بچاو کے لیے آگاہی مہمات کا انعقاد کریں۔
ذیابیطس کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اس دن کے موقع پر عالمی برادری کے ساتھ مل کر ذیابیطس کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اور باہمی تعاون کی اہمیت پر زور دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال ذیابیطس کا عالمی دن ”ذیابیطس کے خلاف بروقت اقدامات“ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو بیماری کی پیچیدگیوں سے بچاو کے لیے بروقت سکریننگ اور طبی علاج کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم کے مطابق ذیابیطس دنیا بھر میں صحت عامہ کا ایک بڑا چیلنج ہے جس سے لاکھوں افراد متاثر ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں بھی اس مرض کے پھیلاو¿ کو روکنے کے لیے بروقت تشخیص اور علاج کی سہولیات تک رسائی بڑھانا ضروری ہے۔ شہباز شریف نے بتایا کہ ذیابیطس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے وزیراعظم ذیابیطس روک تھام اور کنٹرول پروگرام مرتب کیا گیا ہے، جس کے تحت وفاقی حکومت نے 6.8 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد ابتدائی مرحلے میں ذیابیطس کی تشخیص کے لیے سکریننگ کا دائرہ وسیع کرنا، بنیادی طبی سہولیات بہتر بنانا اور تشخیص و علاج تک عوام کی رسائی بڑھانا ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ صحت مند طرزِ زندگی کے فروغ، عوامی آگاہی اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے درمیان موثر اشتراک عمل کو بھی ترجیح دی جا رہی ہے۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ صحتمند طرز زندگی اپنائیں، متوازن اور غذائیت سے بھرپور غذا استعمال کریں، ورزش کو معمول بنائیں اور باقاعدگی سے طبی معائنے اور سکریننگ کروائیں۔ انہوں نے بروقت مستند معالج سے طبی مشورہ لینے کی بھی اپیل کی۔
ہر پاکستانی ذیابیطس سے بچاو اور بروقت تشخیص کو قومی ترجیح بنائے: صدر، وزیراعظم
















