اداکارہ صبا قمر کا صحافی نعیم حنیف کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان

لاہور (مشرق نیوز) پاکستان کی معروف اداکارہ صبا قمر دو دہائیوں سے شوبز انڈسٹری کا اہم حصہ ہیں، انہوں نے صحافی نعیم حنیف کے سنگین الزامات کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کر لیا۔ صبا قمر ان دنوں اپنے دو ڈراموں پامال اور کیس نمبر 9 کی وجہ سے خبروں میں ہیں، جبکہ انکے کراچی سے متعلق حالیہ بیان نے بھی سوشل میڈیا پر خاصی بحث چھیڑ دی تھی، اسی تناظر میں صحافی نعیم حنیف نے صبا قمر کے ماضی سے متعلق متنازع دعوے کئے۔

نعیم حنیف اکثر فنکاروں کے بارے میں پس پردہ خبریں دیتے نظر آتے ہیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ صبا قمر 04-2003 میں لاہور میں ایک ایسے شخص کے گھر میں رہتی تھیں جس سے ان کا تعلق تھا، لیکن شادی نہ ہونے پر وہ شخص انہیں ہراساں کرنے لگا۔

صبا قمر نے ان الزامات کو بے بنیاد اور توہین آمیز قرار دیتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی کریں گی۔