کوئی بیماری کا بہانہ بناکر سزاﺅں میں معافی چاہتاہے تو بھول جائے،حنیف عباسی


راولپنڈی،نوشہرہ:(بیورورپورٹ)وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کوئی بیماری کا بہانہ بنا کر سزاﺅں میں معافی چاہتاہے تو بھول جائے،سب کچھ جیل قوانین کے مطابق ہوگا،راولپنڈی ریلوے ہسپتال کے علاوہ تمام ہسپتال اصطبل کا منظر پیش کر رہے ہیں، آوٹ سورس کرینگے، صدیوں کا گند جلدی صاف نہیں ہو گا۔

ریلوے سٹیشن پر پلیٹ فارم نمبر 4.5کی اپ گریڈیشن وافتتاح کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا ڈیجٹیلائزیشن پر ایف ڈبلیو او سے معاہدہ ہو گیا،ہر سٹیشن کوسمارٹ اینڈ سیف بنائیں گے،30جون تک ہدف حاصل نہ کرنےوالے افسروں کوسیٹ پر رہنے کا حق نہیں ہو گا، تمام ٹرینیں دسمبر تک اپ گریڈ ہو جائیں گی۔

ادھر وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات اختیار ولی نے کہا ناجائز مطالبات کےلئے پی ٹی آئی کو سڑکیں بند کرنے کا کوئی قانونی حق نہیں،عوام کو مشکلات سے نکالنے کےلئے وفاقی حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی،راستے نہ کھولے گئے تو عوام کو خود سڑکیں کھولنے کی کال دیں گے،پی ٹی آئی بانی کو بیرون ملک بھیجنا چاہتی ہے تو درخواست دے،عمران خان نومبر 2024 سے این آر او لینے کی کوششوں میں ہیں۔