وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی رمضان المبارک میں سکیورٹی سخت کرنیکی ہدایت

لاہور (مشرق نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رمضان المبارک میں صوبے بھر میں سکیورٹی اقدامات سخت کرنے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے مساجد، امام بارگاہوں اور عبادت گاہوں کی فول پروف سکیورٹی کی ہدایت کے ساتھ ساتھ بازاروں، مارکیٹوں اور عوامی مقامات پر اضافی اہلکار تعینات کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے حساس مقامات پر نماز جمعہ اور تراویح کیلئے خاردار تاروں کے ساتھ 3 لیئرز سکیورٹی پلان کا حکم بھی دیا ہے۔ انہوں نے عبادتگاہوں کے گرد و نواح میں پولیس گشت، چیکنگ اور سرچ آپریشنز میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔

مریم نواز نے کہا ہے کہ رمضان المبارک میں عوام کی جان و مال کی حفاظت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ماہ رمضان المبارک میں سی سی ٹی وی کیمروں اور واک تھرو گیٹس کی تنصیب کو یقینی بنایا جائے۔