ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے ریونیو افسران پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کی جائیدادوں کے محافظ کے طور پر اپنے فرائض پہچانیں اور ان کی مشکلات کم کرنے کیلئے پرو ایکٹیو کردار ادا کریں۔ پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 کا اجراءصوبائی حکومت کا عوام کو اپنی جائیدادوں کی تقسیم میں سہولت مہیا کرنے کا ایک انقلابی قدم ہے جس پر عمل درآمد سے ریونیو سے متعلقہ بہت سے مسائل سے نجات ملے گی۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 بارے غور کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے اس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق، احمد عثمان جاوید، آصف رضا، ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد، اسسٹنٹ کمشنر ریونیو رانا نوید، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور ڈویژن کے تمام ریونیو افسران نے شرکت کی۔ انہوں نے ریونیو افسران کو ہدایت کی کہ آرڈیننس کو مزید بہتر بنانے کیلئے اپنی سفارشات مرتب کریں تاکہ اس میں بہتری لا کر عوام کی مشکلات کم کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس آرڈیننس کے ذریعے جائیدادوں کے تقسیم کے عمل میں سائلین کو جو سہولیات مہیا کی گئی ہیں ان کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے تاہم اس سلسلے میں ریونیو افسران کے احساس ذمہ داری کا اہم کردار ہو گا۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ایڈیشنل کمشنر ریونیو محمد خالد نے بتایا کہ آرڈیننس کی سب سے اہم بات تحصیل کی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کا قیام شامل ہے جس سے عدالتوں پر مقدمات میں بڑی حد تک کمی آئے گی۔ اس کے علاوہ ریونیو افسران کو مقررہ مدت کے اندر مقدمات کا فیصلہ کرنے کا بھی پابند کیا گیا ہے۔
پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس عوامی سہولت کیلئے انقلابی قدم ہے: کمشنر ساہیوال



















