عوامی حقوق کے تحفظ اور حکومتی پالیسی پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا: کمشنر ساہیوال

ساہیوال (بیورو رپورٹ) کمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا ہے کہ انتظامیہ ناپ تول اور پرائس کنٹرول نظام میں کرپشن اور مارکیٹوں میں اوورچارجنگ ہرگز برداشت نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حقوق کے تحفظ اور حکومتی پالیسی پر سختی سے عملددرآمد یقینی بنایا جائیگا۔ وہ یہاں اپنے دفتر میں ناپ تول، پرائس کنٹرول اور چرچز کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں اے سی جنرل غلام حسین بھٹی، ڈی او انڈسٹریز عاطف رضا میر سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے کہا کہ ناپ تول، پرائس کنٹرول اور رجسٹریشن کے معاملات میں شفافیت اور قانون کی بالا دستی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موثر مانیٹرنگ سے نہ صرف عوامی اعتماد میں اضافہ ہوگا بلکہ مارکیٹوں میں استحکام بھی آئے گا۔انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں اور باقاعدگی سے رپورٹ پیش کریں۔اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے ڈی او انڈسٹریز عاطف رضا میر نے بتایا کہ ضلع بھر میں ناپ تول کے نظام کو شفاف بنانے کیلئے باقاعدہ انسپکشن، جرمانوں اور قانونی کارروائی کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مارکیٹوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ اوورچارجنگ اور کم تولنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔اجلاس میں چرچز کی رجسٹریشن کے عمل پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ حکومتی پالیسی کے مطابق تمام رجسٹریشن کیسز کو میرٹ پر نمٹایا جا رہا ہے۔ دریں اثناءکمشنر ساہیوال ڈویژن ڈاکٹر آصف طفیل سے رمضان المبارک کی آمد اور مسیحی روزوں کے آغاز کے موقع پر مسیحی برادری کے وفد نے ملاقات کی جس کی قیادت بشپ ابرہام عظیم ڈینیل کر رہے تھے۔ اس ملاقات کا بنیادی مقصد بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ وفد نے چرچوں اور دیگر عبادت گاہوں کی رجسٹریشن، سیف سٹی سیکیورٹی، اور دیگر بنیادی مسائل سے آگاہ کیا۔ کمشنر ڈاکٹر آصف طفیل نے تمام اہم اور جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں تاکہ اقلیتی برادری کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ملاقات میں اس بات پر زور دیا گیا کہ رمضان المبارک اور مسیحی روزوں کے ایام ہمیں رواداری اور ایک دوسرے کے احترام کا سبق دیتے ہیںاور انتظامیہ تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔