بنوں،لاہور،اسلام آباد:(بیورورپورٹ)بنوں میں پولیس چوکی پر خودکش حملہ،15اہلکار شہید ہوگئے۔
دہشتگردوں نے بارود سے بھری گاڑی پولیس چوکی فتح خیل سے ٹکرائی،3اہلکاروں کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا،شہدا میں رحمت ایاز، ثنا ،نیاز علی، صحیب، سعد، کامران ،نعمت ،عابد جانی، عمران، نعیم ، صدیق ، میر عالم ، راحت خان اور فاروق داد شامل ہیں۔
شہید ہونے والے اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن بنوں میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی،ڈی آئی جی بنوں ریجن سجاد خان، ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ایس پی سی ٹی ڈی فضل الواحد، ایس پی ہیڈکوارٹر محمود نواز، ایس پی سٹی توحید خان، ایس پی رورل حیدر خان سمیت اعلیٰ پولیس افسروں، پولیس اہلکاروں اور شہدا کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی سے رابطہ کرکے دہشتگردوں کے حملے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہادہشتگردی کےخلاف صوبائی حکومت کو ہرممکن معاونت فراہم کریں گے۔
دریں اثنا صدر زرداری،وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر رہنماﺅں نے کہا دہشتگردی کےخلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس فرنٹ لائن پر ہے،اہلکاروں نے فرض کی راہ میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے شہادت کا عظیم رتبہ پایا ،قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا،دہشتگردوں ،سرپرستوں کو شکست دیں گے۔
بنوں،پولیس چوکی پر خودکش حملہ،15اہلکار شہید،دہشتگردی کاخاتمہ کرینگے،سیاسی قیادت



















