لاہور (مشرق نیوز) پنجاب حکومت نے مدارس کے رجسٹریشن نظام کو یکجا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے مدارس رجسٹریشن ایکٹ میں ترمیم لانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت الگ رجسٹریشن کی شرط نرم کرنے کے لیے قانونی ترامیم بھی تجویز کی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاق المدارس اور دیگر دینی بورڈز کے تحت رجسٹرڈ مدارس کو پنجاب میں دوبارہ رجسٹریشن نہیں کرانا پڑیگی۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مدارس کی وفاقی رجسٹریشن کو صوبائی سطح پر بھی قانونی حیثیت دینے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ وفاقی اور صوبائی ڈیٹا کو آپس میں منسلک کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق جو مدرسہ وفاقی رجسٹریشن اتھارٹی کے ریکارڈ میں رجسٹرڈ ہوگا، اسے پنجاب میں الگ سے رجسٹرڈ نہیں ہونا پڑیگا۔ حکام محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق علما کرام اور مدارس منتظمین کے ساتھ مشاورت کے بعد ترامیم صوبائی کابینہ کو بھجوا دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترامیم کے بعد مدارس کو دوہری رجسٹریشن، اضافی کاغذی کارروائی اور الگ ویری فکیشن سے ریلیف ملے گا۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے حکام کے مطابق پنجاب کابینہ کو سوسائٹیز ایکٹ میں ترمیم سے متعلق بریفنگ دی جائے گی اور منظوری حاصل کی جائے گی۔
پنجاب میں مدارس کی رجسٹریشن نظام کو یکجا کرنے کا فیصلہ



















