بنوں حملے کی افغانستان میں منصوبہ بندی، افغان ناظم الامور کی طلبی،احتجاجی مراسلہ حوالے

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) بنوں میں پولیس چوکی پر ہونےوالے حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشت گردوں نے کی،دفتر خارجہ نے اسلام آباد میں تعینات افغان ناظم الامور کو طلب کر کے احتجاجی مراسلہ تھما دیا ،پاکستان نے افغان سرزمین دہشت گردی کےلئے استعمال ہونے پر شدید تشویش کا اظہار کیا،دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا بنوں میں 9 مئی کے دہشتگرد حملے میں 15 پولیس اہلکار شہید اور 4 افراد زخمی ہوئے، تحقیقات، شواہد اور تکنیکی انٹیلی جنس سے ثابت ہوا حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں موجود دہشتگردوں نے کی،ترجمان نے دو ٹوک پیغام میں کہا قومی سلامتی اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،اقوام متحدہ اور عالمی اداروں کی رپورٹس میں افغان سرزمین پر دہشتگرد تنظیموں کی موجودگی اور سرگرمیوں کا ذکر موجود ہے، پاکستان بزدلانہ حملے کے ذمہ داروں کےخلاف فیصلہ کن کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے،پاکستان اپنی سرزمین پر ہونے والی دہشت گردی کےخلاف خاموش نہیں رہے گا ، دہشت گردوں کو کمین گاہوں میں فیصلہ کن جواب دینگے، دہشتگردی کےخلاف جنگ مشترکہ ذمہ داری ہے اور افغان طالبان کو اپنے وعدے پورے کرتے ہوئے اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینی چاہیے،دفتر خارجہ کے مطابق فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان ، داعش خراسان (آئی ایس کے پی) کےخلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات اٹھائے جائیں۔