محرم میں امن ترجیح،عوامی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائیں گے،عظمیٰ بخاری


لاہور:(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے فیصل آباد میں مجالس ،جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی، ملاقات میں صوبائی وزیر بلال اکبر، معاون خصوصی ذیشان ملک، کمشنر فیصل آباد، آر پی او سہیل سکھیراو دیگر متعلقہ افسر ،مجالس ،جلوسوں کے منتظمین میں جعفر نقوی، سید افتخار نقوی، حسنین شیرازی، قاسم، تصدق حسین، عباس حیدر، ممتاز حسین، آغا مہندی اور عمار علی شامل تھے، منتظمین نے محرم الحرام کے دوران سہولیات ،انتظامات کی فراہمی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا پنجاب پولیس ،ضلعی انتظامیہ کے افسرمجالس ، جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے،عاشورہ کے جلوسوں ، مجالس کا پرامن انعقاد حکومت پنجاب کی ترجیح ہے ،مقصد کےلئے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ،عزاداروں کےلئے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں سمیت دیگر سہولیات کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہامجالس ،جلوسوں کی سکیورٹی کےلئے پولیس کی بھاری نفری تعینات ،تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کے درمیان مثالی ہم آہنگی قابل ستائش ،اتحاد و بھائی چارہ امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے،مجالس ،جلوسوں کے منتظمین کا حکومتی اقدامات ،انتظامات پر اطمینان خوش آئند ،حکومت محرم الحرام کے دوران عوامی جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کےلئے ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔