فضل الرحمن کی عوامی ایکشن کمیٹی کےساتھ ثالثی کا خیر مقدم کرینگے،رانا ثنا

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاہے آزاد کشمیر میں عوامی ایکشن کمیٹی کےساتھ معاہدے میں شامل عوامی فلاح و تعمیر و ترقی کے تمام نکات پر پیش رفت ہو رہی ہے ،آئینی معاملات کا حل جلاﺅ گھیراﺅ، جتھہ بندی کے کلچر سے نکالنا درست عمل نہیں، سپریم کورٹ نے صدارتی ریفرنس، تمام سیاسی جماعتوں نے اپنی کانفرنس اور قانون ساز اسمبلی نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا مہاجرین کی نشستوںکافیصلہ آئندہ معرض وجود میں آنے والی اسمبلی کا دائرہ اختیار ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہا حکومت فضل الرحمن کی عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ثالثی کا خیر مقدم کرے گی، ہمیشہ مولانا کی حکمت و دانش سے استفادہ کیا، راولاکوٹ کے علاوہ پورے کشمیر میں کہیں احتجاج نہیں ہو رہا، آزاد کشمیر میں بجلی کا ریٹ ساڑھے 3روپے یونٹ ،گند م پر سبسڈی دی جارہی ہے۔