دکی ،دھماکے میں3 بھائی جاں بحق، دادو،2برادریوں میں تصادم،8افراد قتل

کوئٹہ،دادو،کراچی:(مشرق نیوز)دکی کی تحصیل لونی کے علاقے کلی بختیار خان میں ندی سے گزرتے ہوئے گاڑی آئی ای ڈی دھماکے کی زد میں آنے سے3بھائی جاں بحق ،ایک شخص زخمی ہوگیا۔

ایس پی دکی منصور احمد بزدار کے مطابق 4افرادگاڑی میں سوار ہو کر زمینداری کے کام کےلئے جا رہے تھے،کلی بختیار خان کے قریب ندی سے گزرتے ہوئے دھماکے کی زد میں آگئے،لاشوں و زخمی شخص کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب دادو کے کچے کے گاوں دانو چانڈیو میں زمینی تنازع اور راستہ نکالنے کے معاملے پر 2 برادریوں کے درمیان مسلح تصادم کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق ،2 زخمی ہوگئے،دونوں برادریوں کے درمیان زمین کا تنازع پہلے سے چلا آرہا تھا، راستہ نکالنے کے معاملے پر ہونے والا جھگڑا شدت اختیار کرگیا ،دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کردی۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ملزموں کو قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،مجرموں کو ہر صورت قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔