ساہیوال (بیورو رپورٹ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ساہیوال عثمان ٹیپو نے پولیس شہداءکے اہل خانہ، غازیوں، حاضر سروس اور ریٹائرڈ پولیس ملازمین کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک اہم فلاحی اقدام اٹھاتے ہوئے عبدالعلی فاطمہ میموریل ٹرسٹ ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شوکت خان کاکڑ کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔مفاہمتی یادداشت کے تحت شہداءو غازیوں کے اہل خانہ، جنرل میڈیکل چیک اَپ اور علاج معالجہ پر 100 فیصد رعایت، لیب اور ایکسرے چارجز پر 100 فیصد رعایت جبکہ فارمیسی پر دستیاب ادویات پر 12 فیصد رعایت ہوگی۔پولیس افسران کے معذور بچوں کیلئے جنرل میڈیکل چیک اَپ اور علاج معالجہ پر 60 فیصد رعایت، لیب اور ایکسرے چارجز پر 60 فیصد رعایت جبکہ فارمیسی پر دستیاب ادویات پر 12 فیصد رعایت ہوگی۔حاضر سروس و ریٹائرڈ پولیس افسران/ملازمین اور اہل خانہ جنرل میڈیکل چیک اَپ اور علاج معالجہ پر 60 فیصد رعایت، لیب اور ایکسرے چارجز پر 60 فیصد رعایت جبکہ فارمیسی پر دستیاب ادویات پر 12 فیصد رعایت دی جائیگی۔اس موقع پر ڈی پی او ساہیوال عثمان ٹیپو نے کہا کہ پولیس شہداءاور غازی ہمارے ہیروز ہیں اور ان کے اہل خانہ کی صحت اور فلاح و بہبود ہماری اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے اقدامات سے پولیس فورس کے جوانوں اور ان کے خاندانوں کو معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی جس سے ان کی زندگی میں آسانی پیدا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ ساہیوال پولیس اپنے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کی فلاح و بہبود کیلئے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔
ڈی پی او ساہیوال کا اہلکاروں، اہل خانہ کی صحت کیلئے بڑا فلاحی اقدام، عبدالعلی فاطمہ میموریل ٹرسٹ ہسپتال کیساتھ معاہدہ



















