اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا،اہم انفراسٹرکچر منصوبہ ٹریفک کے بڑھتے دباو کو کم کرنے، شہریوں کی آمدورفت کو بہتر بنانے ،اسلام آباد کے روڈ نیٹ ورک کو مزید موثر بنانے کےلئے شروع کیا گیا ،منصوبہ 1.4 ارب کی لاگت سے تعمیر کیا جائےگا ،ریکارڈ مدت یعنی صرف ایک ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کردیا گیا۔
تقریب میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیرپارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری، وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ احمد رضا سرور، چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف، آئی جی اسلام آباد سہیل چودھری و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی، چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف نے وزیر داخلہ محسن نقوی کی موجودگی میں وزیراعظم شہباز شریف کو کشمیر چوک انڈر پاس منصوبے پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم کو بتایا گیا منصوبے کی لاگت 1.4 ارب مقرر ،لاگت میں بہتری ،موثر منصوبہ بندی کے نتیجے میں ابتدائی تخمینہ 1.6 ارب سے کم کی گئی ،کشمیر چوک انڈر پاس کو ٹریفک کی ہموار ،بلا تعطل روانی کو یقینی بنانے کےلئے ڈیزائن کیا گیا ، منصوبے کے تحت سرینا کی جانب سے آنےوالی ٹریفک کو متعلقہ مقامات تک پہنچانے ،فیض آباد سے مری کی جانب جانے والی ٹریفک کےلئے مخصوص انڈر پاسز تعمیر کیے جائیں گے۔
ٹریفک کی بہتر تقسیم ،رابطہ کاری کےلئے 4نئی سلپ روڈز بھی تعمیر کی جائیں گی، توسیع شدہ روڈ انفراسٹرکچر ،متعلقہ سہولیات کےلئے تقریباً 5ایکڑ اراضی شامل کی جائے گی، منصوبے کو ایکسپریس وے کی مجوزہ لینز کی توسیع کے ساتھ بھی مربوط کیا جائے گا، اسلام آباد ،راولپنڈی کے درمیان رابطہ مزید بہتر ہوگا، آئندہ روڈ نیٹ ورک کی بہتری کے منصوبوں کے ساتھ مکمل انضمام کے بعد اسلام آباد ،راولپنڈی کے درمیان سفر کا دورانیہ تقریباً 16 سے 18 منٹ تک کم ہونے کی توقع ہے۔
وزیراعظم نے اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈر پاس کا سنگ بنیاد رکھ دیا



















