اسلام آباد،چارسدہ،لاہور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)پی ٹی آئی نے مذاکرات کیلئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ کرلیا۔
علی خان نے ایاز صادق سے رابطے میں کہا بات چیت کا تیسرا دور لازمی ہونا چاہیے، مذاکرات ہوں گے تو معاملات بہتری کی طرف جائیں گے، چاہتے ہیں مذاکرات کا تیسرا دور ہو تاکہ سیاسی تناو میں کمی آسکے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاتمام سیاسی رہنماوں کو اسلام آباد میں ہونا چاہیے تاکہ بات چیت کا عمل جاری رہے ،چاہتے ہیں سیاسی تناو کا حل خون خرابے کے بغیر نکل آئے،پی ٹی آئی نے بار بار حکومت کو مذاکرات کا راستہ فراہم کیا، سردار ایاز صادق لاہور میں ہےں، اسلام آباد آئیں گے تو ملاقات بھی ہوگی۔
ادھر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاحکومت ،اپوزیشن کی گاڑیاں کچے میں پھنسیں،انا ختم ، بیٹھ کر مذاکرات کریں، پی ٹی آئی اب بھی بامقصد مذاکرات کےلئے تیار ہے،امید ہے فضل الرحمن مذاکرات میں بہتر کردار ادا کریں گے، مولانا کو اپوزیشن الائنس میں شامل کرنے کی بہت کوشش کی گئی، دہشتگردی کےخلاف جنگ میں پی ٹی آئی ریاست کےساتھ کھڑی ہے،گورنر راج یا ایمرجنسی لگانا مسئلے کا حل نہیں، سہیل آفریدی نے کبھی دہشت گردوں کی حمایت میں بیان نہیں دیا۔
دریں اثنا سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کوئی ایسا معاہدہ نہیں کریں گے جو بے اصولی پر مبنی ہو، بار بار کہا عوام کا خون مقدم ایسے لائحہ عمل کا حصہ نہیں بنیں گے جس سے بےگناہوں کا لہو بہے،بےگناہوں کو بے گھر نہیں ہونے دیں گے، ہر مصیبت جھیلنے کو تیار ہیں مگر اصولوں سے دستبرداری اختیار نہیں کریں گے،پی ٹی آئی کا جنرل سیکرٹری ،میرے اوپر بہت ذمہ داریاں ہیں، بانی پی ٹی آئی ،بشریٰ کے کیسز کو بھی دیکھ رہا ہوں۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا پنجاب لانگ مارچ میں بالکل شرکت کرے گا اور بڑی تعداد میں قافلے شامل ہوں گے،پشاور میں کارکنوں کے اغوا کی مذمت کرتا ہوں، پورے ملک میں فسطائیت راج ہے ،ہوش کے ناخن لیں۔
پی ٹی آئی کا مذاکرات کیلئے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے رابطہ



















