اسلام آباد (مشرق نیوز) نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی لگانا آسان نہیں تھا، وفاقی حکومت کے پاس ایمرجنسی کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا، دھرنوں اور احتجاج کے باعث معیشت کو بہت نقصان پہنچتا ہے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے خیبر پختونخوا کے حوالے سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے اور دنیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی ہے، جبکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمت، بہادری اور استقامت سے دہشت گردی کا مقابلہ کیا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری قربانیوں کا اعتراف کرنا ہوگا، پاکستان نے سانحہ جعفر ایکسپریس، بلوچستان میں مزدوروں کے اغوا اور شہادتوں جیسے واقعات کا سامنا کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے نئی حکمت عملی پر کام کیا، قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے دن رات کوشاں ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دیں۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پ±رعزم ہیں، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ہدایت پر دہشت گردوں کے خلاف روزانہ آپریشن جاری ہیں، افغان رجیم پر زور دے رہے ہیں کہ وہ اپنی سرزمین دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دے۔
انہوں نے بتایا کہ اگست 2025 میں کابل میں پاکستان، چین اور افغانستان کا سہ فریقی اجلاس ہوا، جس میں بدقسمتی سے افغان حکام نے دہشت گردی کے معاملے پر وعدے پورے نہیں کیے، افغانستان میں کالعدم ٹی ٹی پی سمیت دیگر دہشت گرد گروپ خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ سرحد پار سے دہشت گرد دراندازی کرکے ہمارے جوانوں اور شہریوں پر حملے کرتے ہیں، پاکستان افغان سرحد پر حفاظتی باڑ لگا چکا ہے، جبکہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغانستان کی بھرپور مدد کی، خطے کے امن کیلئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں کو رد نہیں کیا جا سکتا، تاہم نہتے پاکستانیوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، جعفر ایکسپریس ہائی جیک کرنے کا منصوبہ بھی افغانستان میں بنایا گیا۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے افغان طالبان حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ دہشت گردوں کو اسلحے سمیت ہر قسم کی امداد فوری طور پر بند کرے۔ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پ±رعزم ہے اور دہشت گردی کے خلاف اپنے اقدامات سے عالمی برادری کو ہمیشہ آگاہ کرتا رہا ہے، افغانستان کی جانب سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی خود اس کے اپنے مفاد میں ہے، بصورت دیگر اسے نتائج خود بھگتنا ہوں گے۔
نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ کل بھوشن یادیو پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھا، جبکہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی لگانے کے سوا کوئی راستہ نہیں بچا تھا: اسحاق ڈار


















