لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار عمران عباس نے ٹیلیویژن ڈراموں سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے اپنے نئے کاروبار سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔ حال ہی میں اداکار نے مشی خان کے مارننگ شو میں ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اب ٹی وی ڈراموں میں کام نہیں کر رہے اور اپنی توجہ دوسرے شعبوں پر مرکوز کر چکے ہیں۔
عمران عباس نے بتایا کہ وہ پیشے کے اعتبار سے آرکیٹیکٹ بھی ہیں اور اب رئیل سٹیٹ کے کاروبار سے وابستہ ہو گئے ہیں۔ اداکار کے مطابق وہ اسلام آباد ایئرپورٹ کے قریب ممتاز سٹی میں 12 منزلہ عمارت ’ایری‘ تعمیر کر رہے ہیں، جس کی تکمیل میں تقریباً ڈھائی سال لگیں گے۔
عمران عباس نے مزید کہا کہ ان کے والدین انتقال کر چکے ہیں اور ان کی کوئی اولاد نہیں، اسلئے وہ فلاحی سرگرمیوں میں بھی حصہ لے رہے ہیں۔ اداکار کے مطابق وہ دوسروں کیلئے ایسے کام کرنا چاہتے ہیں جو آخرت میں ان کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں۔
عمران عباس نے اداکاری چھوڑنے کی وجہ بتا دی



















