مائیں ،بہنیں،بیٹیاں،اپنی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں،محسن نقوی


لاہور:(سپیشل رپورٹر) وزیر داخلہ محسن نقوی نے آن لائن ہراسانی، سائبر بلیک میلنگ ،مالی فراڈ کے بڑھتے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا مائیں ،بہنیں،بیٹیاں،اپنی تصاویر کسی کےساتھ شیئر نہ کریں،خود ٹریپ میں پھنسنے والی بات ہے۔

محسن نقوی نے لاہور میں این سی سی آئی اے کے زونل ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری لگائی، شہریوں بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد نے آن لائن ہراسانی، سائبر بلیک میلنگ اور مالی فراڈ پرشکایات پیش کیں،وزیر داخلہ نے شہریوں کی شکایات سنیں ،فوری ازالے کےلئے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو احکامات جاری کیے،این سی سی آئی اے لاہور زون کے ایڈیشنل ڈائریکٹر و دیگر متعلقہ افسر بھی موجود تھے۔

وزیر داخلہ نے کہا آن لائن مالی فراڈ کے بہت زیادہ کیسز سامنے آرہے ، درجنوں واقعات میں شہری بھانجے یا بھتیجے کو رقم بھیجنے کے دھوکے میں آجاتے ہیں، بعد میں معلوم ہوتا ہے رقم مانگنے والا شخص جعلی شناخت استعمال کررہا تھا،ماوں ،بہنوں سے گزارش ہے اپنی تصاویر کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں،تصاویر کے ذریعے دھوکے میں پھنسا کر بلیک میل کیا جاسکتا ہے

محسن نقوی کے مطابق ایسے متعدد واقعات سامنے آئے جن میں بچیوں سے مختلف بہانوں سے تصاویر ،ویڈیوز حاصل کرکے بلیک میل کیا جاتا ہے، خواتین کی تصاویر ،ویڈیوز کو ہراسانی ،بلیک میلنگ کےلئے استعمال کرنےوالے عناصر کےخلاف کارروائی ہوگی، عوام میں شعور اجاگر کرنے کےلئے خصوصی آگاہی مہم شروع کریں گے،بچیوں ،عام شہریوں کو آن لائن فراڈ، ہراسانی اور بلیک میلنگ سے بچاو سے آگاہ کیا جائے گا۔

وزیر داخلہ نے کہااین سی سی آئی اے کو افرادی قوت کی شدید کمی کا سامنا ،پورے پنجاب میں ادارے کے پاس صرف 61 اہلکار موجود ہیں،ایک تفتیشی افسر کو 3 سے 4 ہزار مقدمات سونپ دئیے جائیں تو موثر انداز میں تحقیقات کیسے کرسکے گا؟،سائبر پولیس کو مزید متحرک اور ہر لحاظ سے مضبوط بنایا جائے گا، حکومت ادارے کو مکمل تعاون ،ضروری وسائل فراہم کرے گی،آن لائن ہراسانی کے کسی بھی واقعہ میں ملوث شخص کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، چاہے سرکاری ملازم ہو یا کوئی اور۔