تاشقند (ڈاکٹر عبدالرحمن اسامہ سے) ازبکستان نے عالمی سیاحت کی ترقی کے انڈیکس میں نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 110 ممالک میں 76 واں نمبر حاصل کر لیا ہے۔ وسطی ایشیا میں ازبکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ رپورٹ ورلڈ اکنامک فورم کے ٹریول اینڈ ٹورازم ڈویلپمنٹ انڈیکس کی بنیاد پر جاری کی گئی ہے۔ ازبکستان نے مجموعی طور پر 3.69 پوائنٹس حاصل کئے۔ یہ کامیابی ازبکستان کی حکومت اور صدر شوکت میرضیایف کی دور اندیش قیادت، بہترین دوستانہ خارجہ پالیسی، ویزا نظام میں نرمی، سیاحت کے فروغ اور غیر ملکی مہمانوں کیلئے آسانیوں کا نتیجہ ہے۔ صدر میرضیایف کی پالیسی کے تحت ازبکستان نے دنیا کے کئی ممالک کیلئے ویزا فری سہولت دی، سرحدوں کو کھولا، تاریخی شہروں سمرقند، بخارا، خیوہ اور تاشقند کو عالمی سیاحوں کیلئے پرکشش بنایا۔ اسی پالیسی کی وجہ سے آج دنیا بھر سے سیاح ازبکستان کا رخ کر رہے ہیں۔ ازبکستان کی سیاحت میں یہ ترقی صرف رپورٹ تک محدود نہیں، بلکہ زمینی حقائق بھی اس کی گواہی دے رہے ہیں۔ جنوری سے اکتوبر 2026 کے دوران 1 کروڑ 16 لاکھ سے زائد غیر ملکی سیاح سیاحت کی غرض سے ازبکستان آئے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 19.4 فیصد زیادہ ہے۔ یہ شاندار اضافہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ صدر شوکت میرضیایف کی دوستانہ خارجہ پالیسی، کھلے پن اور مہمان نوازی نے ازبکستان کو دنیا کے نقشے پر ایک پسندیدہ سیاحتی منزل بنا دیا ہے۔ انڈیکس میں سیکیورٹی، صحت، صفائی، ڈیجیٹل سہولتوں، ٹرانسپورٹ، ہوٹلوں، ثقافتی و قدرتی ورثے اور ماحولیاتی پائیداری سمیت 102 اشاریوں کو مدنظر رکھا گیا۔ ماہرین کے مطابق ازبکستان کی حکومت سیاحتی انفراسٹرکچر، نئے ہوٹلوں، ہوائی اڈوں، ریلوے اور سڑکوں کی بہتری پر مسلسل کام کر رہی ہے، جس سے آنے والے برسوں میں ازبکستان کی پوزیشن مزید بہتر ہوگی۔ازبکستان کی یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ دوستانہ خارجہ پالیسی، امن، استحکام اور کھلے پن سے نہ صرف ملک کی عزت بڑھتی ہے بلکہ معیشت اور سیاحت کو بھی زبردست فروغ ملتا ہے۔
ازبکستان عالمی سیاحت انڈیکس میں وسطی ایشیا میں دوسرے نمبر پر
















