لیسکو کی آری نے لاہور کے سرسبز و شاداب درختوں کو ننگا کر دیا، شہر کا حسن اجڑنے لگا

لاہور (سٹاف رپورٹر) لاہور آج پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر ہے۔ صبح ہوتے ہی سموگ کی چادر شہر پر چھا جاتی ہے، آنکھوں میں جلن، گلے میں خراش اور سانس میں گھٹن، یہ اب ہر لاہوری کی روز کی کہانی بن چکی ہے۔ پنجاب حکومت سموگ کے خلاف اقدامات کا دعویٰ تو کر رہی ہے مگر زمین پر وہ اقدامات اس زہر کے آگے بہت چھوٹے نظر آتے ہیں اور اسی زہر آلود شہر میں ایک سرکاری ادارہ لیسکو، درختوں کی وہ ٹہنیاں کاٹ رہا ہے جو لاہور کی آخری امید تھیں۔ ذرائع کے مطابق موجودہ سیزن میں لاہور کے مختلف علاقوں میں لیسکو کی ٹیمیں بجلی کی تاروں کی صفائی کے نام پر درختوں کی بڑی بڑی ٹہنیاں بے دریغ کاٹ رہی ہیں۔ یہ معمولی تراش خراش نہیں، یہ وہ کٹائی ہے جس کے بعد 30 سال پرانا گھنا درخت صرف ایک ٹنڈا سا تنا بن کر رہ جاتا ہے۔ کئی کئی فٹ لمبی موٹی ٹہنیاں، جو پورے محلے کو سایہ دیتی تھیں، جو پرندوں کا گھر تھیں، وہ زمین پر گری ہوئی نظر آتی ہیں۔ لیسکو کا کہنا ہے کہ ٹہنیاں تاروں سے ٹکرا رہی تھیں۔ سوال یہ ہے کہ کیا تاروں سے ٹکرانے والی ایک آدھ ٹہنی کاٹنا کافی نہیں تھا؟ پورے درخت کی آدھی سے زیادہ چھتری کاٹ دینا، اسے دونوں طرف سے گنجا کر دینا، یہ صفائی ہے یا تباہی؟ اصل حقیقت یہ ہے کہ لیسکو کے پاس متبادل آپشن موجود ہے، لیکن لیسکو شارٹ کٹ مار رہا ہے۔ بجلی کی ننگی تاروں کو موصل تاروں یعنی انسولیٹڈ کیبل میں تبدیل کیا جا سکتا ہے، تاروں کو درختوں سے دور منتقل کیا جا سکتا ہے، اور ماہرین کی نگرانی میں صرف متاثرہ ٹہنی کی سائنسی تراش خراش کی جا سکتی ہے۔ یہ تمام آپشن موجود ہونے کے باوجود لیسکو نے سب سے آسان اور سب سے تباہ کن راستہ چنا ہے، درخت کی ٹہنیاں کاٹ دو، کام ختم۔ یہ بات لاہور ہائی کورٹ میں سموگ تدارک کیس کے دوران بھی سامنے آ چکی ہے، جہاں عدالت نے اس امر پر زور دیا تھا کہ درختوں کو کاٹنے کے بجائے متبادل آپشن پر غور کیا جائے۔ عدالت کا واضح موقف تھا کہ سموگ کے خاتمے کے لیے درختوں کا تحفظ سب سے ضروری ہے، اور تاروں کے مسئلے کا حل درخت کاٹنا نہیں بلکہ تاروں کے نظام کو بہتر بنانا ہے۔ اس کے باوجود لیسکو کی جانب سے عدالتی ہدایات اور متبادل آپشن کو نظر انداز کر کے درختوں کی ٹہنیوں کی بے تحاشا کٹائی جاری ہے۔ ماہرین ماحولیات کہتے ہیں کہ جب درخت کی بڑی ٹہنیاں اس طرح کاٹ دی جائیں تو درخت کمزور ہو جاتا ہے، اس کی آکسیجن بنانے کی صلاحیت ختم ہو جاتی ہے، وہ سوکھنے لگتا ہے اور اگلے طوفان میں گرنے کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ یعنی لیسکو درخت کو آج نہیں کاٹ رہا، وہ اسے آہستہ آہستہ مار رہا ہے۔ ایک طرف حکومت کہہ رہی ہے درخت لگاو¿، سموگ بھگاو¿، دوسری طرف اسی حکومت کا ادارہ ان درختوں کی ٹہنیاں کاٹ کر شہر کو ننگا کر رہا ہے جو پہلے سے لگے ہوئے ہیں۔ نیا پودا 15 سال بعد درخت بنے گا، لیکن جو ٹہنیاں آج کاٹی جا رہی ہیں، ان کا سایہ اور آکسیجن آج ہی ختم ہو رہی ہے۔ لاہور کے شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور چیف ایگزیکٹو لیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ تاروں کی صفائی کے نام پر درختوں کی بے تحاشا کٹائی فوری روکی جائے، صرف وہی ٹہنی کاٹی جائے جو واقعی تار سے ٹکرا رہی ہو، ماہرین کی نگرانی میں تراش خراش کی جائے اور تاروں کو موصل تاروں میں تبدیل کیا جائے تاکہ آئندہ درختوں کو کاٹنے کی نوبت ہی نہ آئے۔ اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو لاہور کے درخت صرف تصویروں میں رہ جائیں گے اور سانس لینے کیلئے ہمیں صرف سموگ ہی ملے گا۔