پنجاب کے دریاوں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے، مریم نواز

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے دریاو¿ں میں خالص سونے کے وافر ذخائر کے شواہد مل گئے ہیں۔2 روزہ منرلز انوسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ پاکستان منرلز انوسٹمنٹ فورم کا انعقاد معدنی شعبے کی ترقی کیلئے اہمیت کا حامل ہے کیونکہ پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب 5 دریاوں کی سرزمین ہے۔ پاکستان میں بے پناہ قدرتی وسائل اور غیر معمولی صلاحیت موجود ہے، قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاوں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا موجود ہے۔ پنجاب میں کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ اور راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے دریاوں میں سونے کی مقدار معلوم کرنے کے لیے سروے جاری ہیں ، دریاوں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دریائی ریت اور بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات اور دھاتیں بھی موجود ہیں۔ پنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت اور خوشحالی میں بدلنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے معدنی وسائل سے استفادے کیلئے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے جبکہ صوبے میں کاروبار کیلئے سستے نرخوں پر زمین فراہم کر رہے ہیں۔