ہر ہسپتال میں انجیو پلاسٹی کیلئے 24گھنٹے سے زیادہ وقت نہ دیاجائے،مریم نواز


جہلم،لاہور: (بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے جہلم ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کیتھ لیب پراجیکٹ کا افتتاح کردیا،ڈی ایچ کیو جہلم کیتھ لیب میں وارڈ،سیمی موڈ یلر،آپریشن تھیٹر و دیگر شعبوں کا دورہ کیا ،کیتھ لیب کے سٹور میں ادویات ،انجکشن کامعیار ،ایکسپائری چیک کی،کنسول روم سے لائیو انجیوگرافی کا مشاہدہ کیا ،کیتھ لیب میں انجیوپلاسٹی کے بعد رو بہ صحت مریضوں کی عیادت کی۔

دبئی کے ڈرائیور شہزاد نوید نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا دل کی تکلیف ہونے پر دبئی سے مفت علاج کیلئے پاکستان آیا، کئی سال بعد آیاتوپاکستان پہلے جیسا نہیں لگ رہا بہت بہتر ہے، فیصل آباد میں ایک ہفتے بعد کاٹائم ملا، بہن کے کہنے پر جہلم آیا، فوری طور انجیو پلاسٹی کر دی گئی۔

مریم نواز نے پنجاب کے ہر ہسپتال میں انجیو پلاسٹی کیلئے 24گھنٹے سے زیادہ ٹائم نہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاجہلم کے عوام کو دل کے علاج کےلئے اب دوسرے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا،انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی، ای سی جی، جدید آپریشن تھیٹر، وینٹی لیٹرز سے آراستہ کیتھ لیب میں 2400مریضوں کا علاج کیا جا چکا ،کوشش ہے پنجاب کے کسی بھی ہسپتال میں انجیوپلاسٹی کےلئے مریض کو انتظار نہ کرنا پڑے،گھر کی دہلیز پر صحت کی بہترین سہولیات ہر شہری کا حق ہے۔

دراثنا وزیراعلیٰ مریم نوازجہلم میں زاہدہ کو نئے گھر کی مبارکباد دینے پہنچ گئیں، جہلم کے علاقے نیو آبادی اسلام پورہ کی زاہدہ نے اپنی چھت،اپنا گھر سکیم لون سے 4مرلہ مکان بنایا،مریم نواز نے زاہد ہ ،فیملی کےساتھ ملکر گھرکا باقاعدہ افتتاح کیا،زاہدہ سے گھر کی تعمیر کا دریافت کیا تو آبدیدہ ہوگئیں ، وزیراعلیٰ نے زاہدہ ، بچوں سے شفقت کا اظہار کیا اور قائد نواز شریف کا سلام دیا،دریں اثناوزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے جہلم میں جمنیزیم /سپورٹس کمپلیکس بحالی پراجیکٹ کا بھی افتتاح کردیا ، مریم نوازکا جمینزیم آمد پر کھلاڑیوںنے شور مچا کر بلند آہنگ منفرد استقبال کیا،مریم نواز نے پوسٹر لیکر کھڑی کمسن بچیوں پیار ،ہائی فائی کیا،جمنیزیم میں ننھی بچیوں نے ”تیریاں ریساں کون کرے“وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کیلئے لوک گیت گاکر خراج تحسین پیش کیا۔