لاہور (خبرنگار) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور کے درمیان بلڈنگ کنٹرول کے اختیارات کی منتقلی کا عمل بلڈنگ پلان فیس اور تعمیراتی نگرانی کے امور پر پیدا ہونے والے شدید اختلافات کی نذر ہو کر مکمل طور پر تعطل کا شکار ہو چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے ایم سی ایل کی بلڈنگ کنٹرول کے جملہ اختیارات ایل ڈی اے کے سپرد کرنے کے فیصلے کے بعد سے ہی میٹروپولیٹن کارپوریشن کے حلقوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے کیونکہ کارپوریشن کے حکام کا موقف ہے کہ فیس کی مد میں ملنے والی رقوم اور تعمیراتی نگرانی کے اختیارات سے محرومی کے بعد میٹروپولیٹن کارپوریشن اپنے بنیادی اخراجات پورے کرنے کے بھی قابل نہیں رہے گی۔ حالیہ معاملے کو اگر تاریخی تناظر میں دیکھا جائے تو یہ امر انتہائی افسوسناک اور چشم کشا ہے کہ جمہوریت کی اساس سمجھے جانے والے بلدیاتی اداروں کے ساتھ ماضی سے لے کر آج تک مسلسل ظلم کی داستان رقم کی جاتی رہی ہے اور اختیارات کی منتقلی کے نام پر ان اداروں کو مرحلہ وار کمزور کر کے ایک ایک کر کے ان کے تمام بااختیار پر کاٹ دیے گئے ہیں۔ کبھی مالیاتی خودمختاری کے نام پر ان کے وسائل سمیٹے گئے تو کبھی انتظامی ڈھانچے میں مداخلت کر کے انہیں بے بس کر دیا گیا اور آج عالم یہ ہے کہ بلدیاتی اداروں کی آمدنی کا واحد اور سب سے بڑا ذریعہ یعنی بلڈنگ پلان فیس اور تعمیراتی کنٹرول کا شعبہ بھی ان سے چھین کر ایل ڈی اے کے حوالے کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ عوام کے قریب ترین اور منتخب نمائندوں کے ان اداروں کو جان بوجھ کر مالی طور پر مفلوج کیا جا رہا ہے تاکہ وہ کبھی اپنے پاوں پر کھڑے نہ ہو سکیں۔
بلڈنگ کنٹرول کے اختیارات کی منتقلی کا عمل 2 اداروں میں شدید اختلافات کی نذر
















