لاہور ( اپنے رپورٹر سے)محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی کا 62 واں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق، صوبائی وزیر و کو چیئرمین بلال یاسین، صوبائی وزیر عاشق کرمانی اور معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب رانا بلال احمد نے خصوصی شرکت کی۔اجلاس میں صوبہ بھر کی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے اجلاس کو بریفنگ دی۔کابینہ کمیٹی نے گرو نانک دیو جی کی 557ویں سالگرہ کی تقریبات کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں پولیس اسٹیشن کاہنہ کی حدود میں نئے پولیس اسٹیشن ہلوکی کے قیام اور سرگودھا کے 7 تھانوں کی حدود میں تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ سرگودھا میں نئے پولیس اسٹیشن مٹھا لک کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں 36 جیل ٹرائلز اور 2 جے آئی ٹیز کی تبدیلی کی منظوری دی گئی۔ اس کے علاوہ پنجاب کے 38 اضلاع میں 151 ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرز کو بطور پرائس کنٹرول مجسٹریٹ تعینات کرنے، جبکہ 5 اضلاع میں 106 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو نوٹیفائی اور 57 کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلما ن رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبہ بھر میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے امن و امان کے قیام کیلئے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ عوام کے جان و مال اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔صوبائی وزیر سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ پنجاب کو پرامن بنانے کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور قیام امن کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب رانا بلال احمد نے کہا کہ اٹک سے راجن پور تک صوبہ بھر میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔ پولیس اور پراسیکیوشن مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل اپنائیں۔سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ گرو نانک دیو جی کی سالگرہ سمیت دیگر تقریبات کیلئے غیر معمولی سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب بھر میں خفیہ ریکارڈنگ ڈیوائسز اور ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد ہے۔اجلاس میں سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی محمد علی نیکوکارہ، سپیشل سیکرٹری داخلہ فیصل فرید، ڈی جی انفورسمنٹ پرائس اینڈ کنزیومر پروٹیکشن عمران قریشی، متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے شرکت کی، جبکہ پنجاب بھر کے کمشنرز، آر پی اوز، ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز نے آن لائن شرکت کی۔
عوامی جان و مال اور املاک کا تحفظ حکومت پنجاب کی اوّلین ترجیح ہے:صوبائی وزرا
















