دوسرا ٹیسٹ، پاکستانی بولرز نے سری لنکا پر قہر ڈھا دیا، 98 رنز پر ڈھیر

راولپنڈی (مشرق نیوز) دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں پاکستانی بولرز نے سری لنکن بیٹنگ لائن کو تہس نہس کردیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آوٹ کردیا۔

یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین سکور ہے جبکہ یہ سری لنکا کا پاکستان کیخلاف چوتھا کم ترین سکور بھی ہے۔ کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔ لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آوٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جبکہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ سموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے جانے والے میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

سپن آل راونڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راونڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جبکہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث تقریباً 140 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تھا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔