تہران:(مشرق نیوز)ایران نے نئے امریکی و اسرائیلی حملوں کے جواب میں یورپ پر حملوں کی دھمکی دےدی۔
رکن پارلیمنٹ حسین علی حاجی دلیگانی نے خبردار کیا نئی جنگ مسلط کیے جانے کی صورت میں ایران کے جوابی میزائل حملے یورپ تک پہنچ سکتے ہیں، عالمی منڈی میں تیل کی قیمت 150 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کر سکتی ہے،ردعمل دشمن کے حملے کے حجم یا مقام تک محدود اور متناسب نہیں ہوگا بلکہ وسیع، شدید ، تزویراتی نوعیت کا ہوگا، جغرافیائی حدود کی کوئی پابندی نہیں ہوگی،کسی بھی تخریبی کارروائی یا فوجی جارحیت کا جواب دیا جائےگا ،ایرانی میزائل یورپ میں موجود اہداف تک پہنچنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
دریں اثنا ایران نے قطر کے ذریعے امریکہ کو جوہری معاہدے کی نئی تجویز بھجوا دی،خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق امریکہ ایرانی تجویز کا جائزہ لے رہا ہے،اعلیٰ ایرانی سکیورٹی عہدیدار محسن رضائی نے کہا امریکہ کے سامنے سفارتکاری کیلئے 7 شرائط رکھیں جب تک واشنگٹن تمام شرائط پوری نہیں کرتاآبنائے ہرمز کھلے گی اور نہ ہی کوئی مذاکرات ہوں گے۔
دریں اثنا نائب ایرانی قومی سلامتی کونسل باقری کنی نے کہاامریکہ نے ڈیڑھ سال کے دوران مذاکرات کے چاروں ادوار کو سبوتاژ کیا اور وعدوں سے انحراف کرکے سفارتی عمل کو نقصان پہنچایا،نئے سفارتی مرحلے سے قبل امریکی وعدوں پر عدم اعتماد کرنا ایران کا حق ہے،نئے مذاکرات کی راہ ہموار کرنے کےلئے واشنگٹن کو محض یقین دہانیوں کی بجائے عملی و ٹھوس اقدامات کرنا ہوں گے۔
میزائل تیار،نئی جنگ کی صورت میں یورپ پر حملہ ہوگا،ایران کی د ھمکی
















