انتظامی یونٹس بنائے جائیں، طاقت کا ارتکاز محدود نہیں ہونا چاہیے، وزیر دفاع

سیالکوٹ:(بیورورپورٹ )وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے انتظامی یونٹس بنائے جائیں، طاقت کا ارتکاز لاہور، کراچی، کوئٹہ ، پشاور تک محدود نہیں ہونا چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا دنیا کے کئی ممالک میں انتظامی یونٹس بنائے جاتے ہیں، پاکستان میں بھی غور ہونا چاہیے ، ماضی میں تمام صوبوں کو ضم کر کے ون یونٹ بنایا گیا تاہم بعد میں فیصلہ واپس لے لیا گیا،ملکی آبادی میں اضافہ ہوچکا ،عوام کو سہولتوں کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے، افغانستان میں پہلے 8سے 10صوبے تھے، تقسیم کر کے30سے 32صوبوں میں تبدیل کردیا گیا،وزیر دفاع نے کہا طاقت کا ارتکاز لاہور، کراچی، کوئٹہ اور پشاور تک محدود نہیں ہونا چاہیے، صوبائی دارالحکومتوں کے اختیارات انتظامی یونٹس کو منتقل ہونے چاہئیں،مرکز سے منتقل کیے جانے والے فنڈز صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر رہ جاتے ہیں حالانکہ اصل منزل بلدیاتی ادارے ہیں، بلدیاتی ادارے بھی صوبائی حکومتوں کے رحم و کرم پر ہوتے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا سیاستدانوں کو سوچنا چاہیے طاقت عوام کی امانت ہے لیکن سیاست دان تمام اختیارات خود استعمال کرنا چاہتے ہیں،12انتظامی یونٹس بنانے کی تجویز ہے تو 12ہی بنا لیے جائیںلیکن زبان، نسل یا سیاسی مفادات کومدنظر رکھ کرنہ بنائے جائیں۔