امریکی صدر نے ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکی صدر ٹرمپ نے ناظم الامور نیٹلی بیکر کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کردیا۔ وائٹ ہاوس کے مطابق امریکی صدر نے نیٹلی بیکر کو پاکستان میں امریکہ کی نئی سفیر نامزد کیاہے جس کے بعد نیٹلی بیکر کی نامزدگی منظوری کیلئے سینیٹ کو بھیج دی گئی ہے اور سینیٹ کی منظوری کے بعد وہ سفیر مقرر ہوجائیں گی۔

واضح رہے کہ نیٹلی بیکر نے جنوری 2025 میں اسلام آباد میں امریکی سفارتخانے میں بطور ناظم الامور اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور وہ اس وقت پاکستان میں بطور امریکی ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔ نیٹلی بیکر اس سے قبل امریکی سفارتخانہ قطر میں ڈپٹی چیف آف مشن بھی تعینات رہیں۔

نیٹلی نے پرنسٹن یونیورسٹی سے بیچلرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ انہوں نے ہارورڈ یونیورسٹی میں کینیڈی سکول آف گورنمنٹ سے پبلک پالیسی میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی۔ نیٹلی بیکر امریکہ کی نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے نیشنل وار کالج کی 2017 کی مایہ ناز گریجویٹ ہیں۔

اسکے علاوہ امریکی صدر نے جیفری کولائر کو متحدہ عرب امارات، سنتھیا کیرشٹ کو سینی گال اور ایان میک کیری کو مالی میں امریکی سفیر نامزد کیا ہے۔