ضابطے کی خلاف ورزی پر عطا تارڑ کو2 سال سزا ہوسکتی ہے، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)الیکشن کمیشن نے کہا ہے واضح کر دوں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے،ضابطے کی خلاف ورزی پر عطا تارڑ کو2 سال سزا ہوسکتی ہے۔

این اے 77ضمنی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کیس پر سماعت چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے انتخابی مہم کے دوران ہیلی کاپٹر پر حلقے کا دورہ اور عوامی اجتماع سے خطاب کیا، الیکشن ایکٹ ،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی،الیکشن کمیشن 2سال تک سزا سنا سکتا ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن وزیراعظم ،حکومت کو احکامات جاری کر سکتا ہے، حکومت الیکشن کمیشن کو ہدایات نہیں دے سکتی، وفاقی حکومت اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے سنجیدہ نظر نہیں آ رہی، واضح کر دوں اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ضرور ہوں گے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے وزیراعظم نے کیسے حکم دے دیا اساتذہ کی الیکشن ڈیوٹیز نہیں لگائی جائیں گی، الیکشن کمیشن کہاں سے عملہ لےکر آئے گا،چیف الیکشن کمشنر نے اراکین پنجاب اسمبلی کی سرزنش کی، پارلیمانی سیکرٹری صحت اسما عباسی کے دوران سماعت مسکرانے پر چیف الیکشن کمشنر نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہاآپ کی پنجاب اسمبلی نشست جا سکتی ، مسکرا کر آپ کو توہین عدالت کا نوٹس بھی ہو سکتا ہے، وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کیوں ہیلی کاپٹر پر دورہ کیا۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نے کہا وزیر اطلاعات نے کنٹونمنٹ بورڈ کا دورہ کیا جو ہمارے تحت نہیں ، چیف الیکشن کمشنر نے کہا آپ جائیں اور قانون پڑھ کر آئیں، سپیشل سیکرٹری نے کہا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر 2سال تک سزا ہو سکتی ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہا الیکشن کمیشن نے فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مرتب کر لی ، ڈی آر او، ڈی ایم او ،آر او فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پر تحریری جواب جمع کرائیں، وزیر اطلاعات کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا وہ کہاں ہیں؟ عطاتارڑ کے وکیل سجیل سواتی نے جواب دیا وزیر اطلاعات سرکاری غیر ملکی دورے پر ہیں،چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس دئیے وزیر اطلاعات نے دورے میں صرف میڈیا کوریج ہی کرنی اور کیا کرنا ہے، آئندہ سماعت پر تمام فریقین ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔