پاکستان منرلز فورم کا آغاز، اسلام آباد دنیا کی توجہ کا مرکز،عالمی سرمایہ کاروں کوانویسٹمنٹ کی دعوت


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم کا آغاز، اسلام آباد عالمی توجہ کا مرکز ،عالمی سرمایہ کاروں کو معدنیات شعبے میں سرمایہ کاری کی دعوت دےدی گئی۔

اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں ہونےوالے پاکستان منزلز انویسٹمنٹ فورم 2026 میں مقامی و بین الاقوامی سرمایہ کار،50سے زائد ممالک کے 5 ہزار سے زائد مندوبین شریک ہیں،فورم میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ ،وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی ،وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی ،وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے بھی شرکت کی۔

نائب وزیراعظم ،وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا معدنی شعبے میں دیرپا شراکت داری کے عزم پر عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد قابل تحسین ہے،پاکستان کا مقصد صرف معدنیات نکال کر خام شکل میں برآمد کرنا نہیں بلکہ پوری معدنی ویلیو چین کو ترقی دینا ہے،معدنیات پراسسینگ، صفائی و مصنوعات تیار کرنے کی صلاحیت بتدریج بڑھانا چاہتے ہیں، معدنی شعبے میں کن کنی، ٹیکنالوجی، پراسیسنگ اور توانائی میں سرمایہ کاری درکار ہے، معدنی ترقی سے انجینئرنگ، آٹومیشن، خدمات اور مصنوعات تیاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔

اسحاق ڈار نے کہابلوچستان پاکستان کا منرلز مستقبل ہے، کلین انرجی ،الیکٹرک گاڑیوں کے باعث تانبے و دیگر معدنیات کی طلب بڑھ گئی، عالمی سطح پر عدم فراہمی کے ذرائع میں تنوع ،مضبوط سپلائی چین کیلئے کوشاں ہیں،معدنی وسائل سے مالامال پاکستان معاشی ترقی کے اہم مرحلے پر کھڑا ہے، عالمی سرمایہ کاروں کو تمام سہولتیں فراہم کریں گے۔

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا سرمایہ کار خیبر پختونخوا میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں،پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں،سب سے بڑی ترجیح سرمایہ کاروں کو سکیورٹی فراہم کرنا ہے، ون ونڈو آپریشن دینگے،خیبر پختونخوا میں کان کنی کا فروغ چاہتے ہیں،خیبر پختوا گیس پیداوار میں دوسرا بڑا صوبہ ہے،سرمایہ کارمعدنیات کی تلاش کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم معدنی شعبے کی ترقی کےلئے اہمیت کا حامل ، پاکستان معدنی وسائل سے مالامال ہے، پنجاب5دریاوں کی سرزمین ہے،پاکستان کے قدرتی وسائل سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت ، پاکستان میں بہت پوٹینشل ہے، پنجاب کے دریاوں میں قدرتی طور پر بہنے والا خالص سونا ،کوئلے، گرینائٹ، پنک سالٹ ،راک سالٹ کے ذخائر موجود ہیں،سونے کی مقدار معلوم کرنے کےلئے سروے جاری ہیں، دریاوں میں سونے کے وافر ذخائر کے شواہد ملے ، دریائی ریت ،بجری میں سونے کے علاوہ قیمتی معدنیات ،دھاتیں بھی موجود ہیں۔

مریم نواز نے کہاپنجاب کے قدرتی وسائل کو مشترکہ دولت ،خوشحالی میں بدلنا چاہتے ہیں، معدنی وسائل سے استفادہ کےلئے تجارتی شراکت داریوں کی تلاش جاری ہے، پنجاب میں کاروبار کےلئے سستے نرخوں پر زمین دے رہے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا صوبے میں توانائی ،صنعتی شعبوں کے فروغ کے ذریعے ترقی کی کوششیں جاری ہیں ،کان کنی کے عمل میں نجی شعبے کو آگے لایا جا رہا ہے،تھرکوئلے کے ذخائر دنیا کے چھٹے بڑے ذخائر میں شامل ،سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں،سندھ میں متعدد اقسام کی معدنیات پائی جاتی ہیں، کان کنی کےلئے مو¿ثر فریم ورک تیار کیا جا رہا ہے،عالمی سرمایہ کاری کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی کی منتقلی بھی ممکن بنائی جا رہی ہے، سندھ عالمی سرمایہ کاروں کا خیرمقدم کرے گا۔

بلوچستان کے وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال صوبہ ،معدنیات کے علاوہ تیل ،گیس کی تلاش کے بھی مواقع موجود ہیں،مقامی و عالمی سرمایہ کاروں کو کان کنی کے شعبے میں آگے آنا چاہیے، صوبائی حکومت ہر ممکن سہولیات فراہم ،سکیورٹی یقینی ،غیر ملکی سرمایہ کاروں کےلئے سازگار ماحول پیدا کیا جا رہا ہے،منرل کوریڈور کےلئے الگ سکیورٹی ڈویژن قائم کیا گیا ،بلوچستان پہلے سے مختلف ہے۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان سید امجد حسین نے کہا گلگت بلتستان میں مختلف قیمتی دھاتوں ،پتھروں کی تلاش کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں تاہم علاقے کا بڑا مسئلہ رابطہ کاری ،کنکٹیویٹی ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر سید افتخار گیلانی نے کہا سیمنٹ، کوئلے ،باکسائٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، پاکستان اور دنیا بھر کے سرمایہ کار فائدہ اٹھائیں،آزاد کشمیر قدرتی وسائل ،قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال ہے، سرمایہ کاروں کےلئے یکساں قوانین ،مواقع فراہم کیے جا سکیں۔