موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلئےعالمی برادری وعدے پورے کرے شہباز

انطالیہ:(مشرق نیوز) وزیراعظم نے کہا ہے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلئے ٹھوس اقدامات چاہئیں،عالمی برادری ترقی پذیر ممالک سے کیے گئے وعدے پورے کرے۔

کوپ 31 کے اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا موسمیاتی تبدیلی کے بے پناہ نقصانات ہیں، 2022 میں پاکستان کاایک تہائی حصہ سیلاب میں ڈوبا ،بھاری معاشی نقصان پہنچا،تباہ کن سیلابوں کے دوران ترک حکومت، عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہے، موسمیاتی تبدیلی کے باعث سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ30لاکھ افراد متاثر ہوئے،عالمی کاربن اخراج میں ایک فیصد سے بھی کم کا ذمہ دار پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہ ممالک میں شامل ،ماحول دوست اقدامات پر عمل پیرا ہےں،بہترین مہمان نوازی پرترک صدر ،عوام کا شکریہ ،کوپ 31 کے انتظامات پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

قبل ازیں کلین انرجی کی جانب منتقلی پر اعلیٰ سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا پاکستان میں سولر منصوبے کے تحت سستی بجلی سے خاموش شمسی انقلاب برپا،تبدیلی صاف ، قابل بھروسہ مستقبل کی جانب اہم پیشرفت ہے،سولر توانائی کے فروغ سے بجلی سستی ہوئی ، ملک میں فروخت ہونےوالی ہر 10 میں سے ایک موٹرسائیکل الیکٹرک ،2030 تک نئی گاڑیوں میں الیکٹرک گاڑیوں کا تناسب 30 فیصد تک لے جانے کا ہدف تاہم مناسب فنانسنگ کے بغیرمقررہ اہداف کا حصول بڑا چیلنج ہے۔

دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف ،ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان دوطرفہ ملاقات ہوئی،دونوں رہنماوں نے گہرے، تاریخی ،برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا اور مثبت سمت میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا،جاری اقدامات پر عملدرآمد تیز ،اقتصادی روابط مزید مستحکم بنانے کےلئے نئے مواقع تلاش کرنے کی اہمیت پر زور دیا،وزیراعظم شہباز شریف نے کشیدگی میں کمی ،مذاکرات کے فروغ کےلئے علاقائی ممالک، بالخصوص معاہدہ مکہ کے رکن ممالک کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے پاکستان کے تعمیری کردار ،سفارتی کوششوں کو سراہا،دونوں رہنماوں نے کہا تمام فریقین خطے میں پائیدار ،دیرپا امن کے قیام کےلئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت وعدوں ،ذمہ داریوں کی پاسداری کریں،ملاقات میں دونوں ممالک نے قومی مفاد کے بنیادی امور پر ایک دوسرے کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ،برادرانہ تعلقات، امن و خوشحالی کے مشترکہ ویژن کی بنیاد پر سٹریٹجک شراکت داری مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم شہباز شریف نے سوڈان، فن لینڈ ،عراق کے صدور سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، دوطرفہ تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا،سوڈان کی عبوری خودمختار کونسل کے صدر جنرل عبدالفتاح البرہان سے ملاقات میں وزیراعظم نے سوڈان کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ ،سوڈانی عوام کےساتھ یکجہتی کا اظہار کیا،ملاقات میںمختلف شعبوں میں تعاون ،موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کےلئے بین الاقوامی رابطوں کے فروغ پر بھی اتفاق کیاگیا۔

فن لینڈ کے صدر الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات میں وزیراعظم نے فن لینڈ کی کمپنیوں کی موجودگی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ٹیلی کمیونیکیشن، جدید مینوفیکچرنگ، ماحول دوست ٹیکنالوجی ، کان کنی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی،صدر نزار سعید الامیدی سے ملاقات میں وزیراعظم نے عراق میں کامیاب پارلیمانی انتخابات ،نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دی،وزیراعظم نے عراق کی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کےلئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ ،پاکستانی زائرین کو سہولیات فراہم کرنے پر عراقی حکومت کے تعاون کو سراہا، دونوں رہنماوں نے اعلیٰ سطح کے روابط جاری رکھنے ،باہمی تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔