اسلام آباد:(بیورروپورٹ)مسلم دنیا کی بااثر شخصیات میں شہباز شریف ،فیلڈ مارشل کا پہلا نمبر،اردن کے رائل ا سلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے 500 بااثر شخصیات کی فہرست جاری کر دی۔
سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ،ولی عہد محمد بن سلمان،ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان بھی پہلے نمبر پر ہیں،فہرست میں پہلی مرتبہ 5شخصیات کو مشترکہ طور پر پہلی پوزیشن کیلئے منتخب کیا گیا ،ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای چوتھے،شاہ اردن دوم پانچویں ،امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کو چھٹی پوزیشن ملی۔
اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید، ملائیشین وزیراعظم انور ابراہیم ،مراکشی شاہ ششم ،انڈونیشن صدر پرابووو سوبیانتو، مصری صدر عبدالفتاح السیسی، فلسطینی صدر محمود عباس ،شامی صدر احمد الشرع بھی فہرست میں شامل ہیں،معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی ،مولانا طارق جمیل بھی 500 بااثر شخصیات میں شامل ہیں۔
غزہ کے کمال عدوان ہسپتال کے سابق سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کو سال کی نمایاں مرد شخصیت قرار دیا گیا،ایرانی شہر میناب میںسکول حملے میں بچ جانے والی طالبہ فاطمہ زہرا شیخ آبادی سال کی نمایاں خاتون شخصیت قرار پائیں۔
رائل ا سلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر نے اپنی تازہ اشاعت میں پاکستان، سعودی عرب ،ترکیہ کی قیادت کو مشترکہ دفاعی ،تزویراتی تعاون کے تناظر میں نمایاں کیا ،اشاعت کے خصوصی مضمون جوائنٹ نمبر ون میں ادارے نے فیصلے کی بنیادی وجہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو قرار دیا۔
اردن سے ہر سال شائع ہونےوالی فہرست میں وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو دیوالیہ پن کے دہانے سے میکرواکنامک استحکام تک لانا، سعودی عرب ،ترکیہ کےساتھ مکہ دفاعی معاہدے پر دستخط، مشرق وسطیٰ میں امن کےلئے سفارتی و ثالثی کے کردار کو اہم کارناموں کے طور پر پیش کیا گیا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیرکے اہم کارناموں میں بھارتی جارحیت کےخلاف معرکہ حق کے دوران موثر فوجی حکمت عملی، مکہ دفاعی معاہدے میں کلیدی کردار ،امریکہ ایران کے درمیان ثالثی کی راہ ہموار کرنا شامل ہے۔
رائل اسلامک سٹریٹجک سٹڈیز سینٹر کے مطابق کسی شخصیت کے اثر و رسوخ کا تعین صرف سرکاری عہدے یا موجودہ مقبولیت کی بنیاد پر نہیں کیا جاتا، مذہبی، سیاسی، معاشی، سماجی، علمی و ثقافتی شعبوں میں اثرات کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔
مسلم دنیا کی500 بااثر شخصیات میں شہباز شریف ،فیلڈ مارشل کا پہلا نمبر















