فیلڈ مارشل سے عراقچی،ترک کمانڈر،برطانوی جنرل کی ملاقاتیں،امن خدمات کا اعتراف

راولپنڈی :(بیورورپورٹ) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی وفد کے ہمراہ ملاقات ،باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال ،مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مختلف طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے علاقائی امن ،استحکام کےلئے قریبی روابط، باہمی اعتماد ،تعاون کی اہمیت پر زور دیا اور پاکستان ،ایران کے درمیان برادرانہ تعلقات ،سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا،ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کےلئے پاکستان کے تعمیری کردارکو سراہا،دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا،دونوں ممالک نے علاقائی امن و استحکام کےلئے قریبی روابط ،تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

دریں اثنا ترک فضائیہ کے کمانڈر جنرل رافت دالکران جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی کا دورہ کیا ،فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا،آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سید عاصم منیر نے دونوں ممالک کے درمیان گہرے تاریخی، ثقافتی ،سٹریٹجک تعلقات کو اجاگر کیا ،پاکستان ،ترکیہ کی مسلح افواج کے مابین مضبوط دفاعی شراکت داری کو سراہا،ترک فضائیہ کے کمانڈر نے دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا اورمسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ،علاقائی امن و استحکام کےلئے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے برطانوی چیف آف جنرل سٹاف سر چارلس رونالڈ ونسنٹ واکر نے بھی ملاقات کی،پاکستان ،برطانیہ کے دیرینہ دوستانہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عسکری تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو آمد پر معزز مہمان کو پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا،ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال ،دفاعی و سکیورٹی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا،سید عاصم منیر نے برطانیہ کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا،برطانوی چیف آف جنرل سٹاف نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں ،آپریشنل تیاریوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کےلئے خدمات کا اعتراف کیا،آئی ایس پی آر کے مطابق دورہ پاکستان ،برطانیہ کے درمیان دفاعی تعاون و عسکری تعلقات مزید مضبوط بنانے کے مشترکہ عزم کا عکاس ہے۔