لاہور (اپنے رپورٹر سے) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خاں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگویج، آرٹ اینڈ کلچر (پلاک) میں معرکہ حق کے حوالے سے منعقدہ تصویری نمائش کا افتتاح کیا، نمائش کا تفصیلی دورہ کیا اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم مبارکباد کی مستحق ہے کیونکہ معرکہ حق نے دنیا کے سامنے ثابت کر دیا کہ پاکستان ایک مضبوط، خودمختار اور ناقابلِ تسخیر ریاست ہے۔ انہوں نے کہا کہ 10 مئی پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے جب پاکستان اقوام عالم میں ایک باوقار اور طاقتور ملک کے طور پر ابھرا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، افواجِ پاکستان، پاکستانی ذرائع ابلاغ اور پوری قوم کو اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا نے پاکستان کے موقف کو تسلیم کیا جبکہ بھارت اپنے الزامات کے حق میں ایک سال گزرنے کے باوجود کوئی ثبوت پیش نہ کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک سے ترکیہ تک پاکستان کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا اور عالمی برادری نے پاکستان کے موقف کو پذیرائی دی۔ ملک احمد خاں نے کہا کہ پاکستانی قوم سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح اپنی قیادت کے ساتھ کھڑی رہی جبکہ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے موثر موقف نے قوم کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جدید برقی دفاعی صلاحیت نے بھارتی ڈرونز، ریڈار اور انتہائی تشہیر شدہ ایس-400 فضائی دفاعی نظام کو مفلوج کر دیا اور بھارت کے جدید ترین جنگی طیارے اور فضائی دفاعی نظام بھی پاکستان کی عسکری مہارت کے سامنے بے بس نظر آئے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے اپنی پیشہ ورانہ مہارت سے ثابت کیا کہ وطن عزیز کا دفاع ناقابل تسخیر ہاتھوں میں ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر بھارت نے دوبارہ کسی جارحیت کی کوشش کی تو اسے پہلے سے زیادہ موثر اور سخت جواب دیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کے ساتھ متحد ہے اور پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔
بھارت نے دوبارہ جارحیت کی تو پہلے سے زیادہ سخت جواب دینگے :سپیکر پنجاب اسمبلی



















