زیورخ (مشرق نیوز) فیفا سیکرٹری جنرل میتھیاس گراف اسٹرم نے صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن سید محسن گیلانی کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کی فیفا حکام سے زیورخ میں واقع فیفا ہیڈکوارٹر میں مفید اور نتیجہ خیز ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں فٹ بال گورننس سے متعلق اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فیفا سیکرٹری جنرل نے قومی ویمنز ٹیم کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
صدر پی ایف ایف نے پاکستان فٹ بال کیلئے فیفا کی مکمل حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ ملاقات کے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق فیفا سیریز میں شاندار کارکردگی پر پاکستان ویمنز ٹیم کو سراہا گیا۔ پی ایف ایف کی حالیہ سرگرمیوں اور اقدامات پر رپورٹ پیش کی گئی اور چند ماہ کی کارکردگی سے فیفا حکام کو آگاہ کیا گیا۔ پاکستان میں فٹبال انفراسٹرکچر کو اولین ترجیح قرار دے دیا گیا۔
انہوں نے پاکستان فٹ بال کے روشن مستقبل کیلئے امیدوں کا اظہار کیا اور پاکستان میں فٹ بال کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
فیفا سیکرٹری جنرل کا صدر پی ایف ایف کی قیادت پر بھرپور اعتماد



















