معیشت کو بیرونی امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری پر منتقل کررہے ہیں، وزیر خزانہ اورنگزیب

اسلام آباد (مشرق نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو بیرونی امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب لے جارہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے حکومت اور نجی شعبے کا اشتراک ناگزیر ہے۔ معاشی ترقی کا عمل سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ سے جڑا ہے۔ معاشی ترقی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کیلئے مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت معاشی استحکام کے ساتھ پائیدار ترقی کیلئے بھی اقدامات کررہی ہے۔ برآمدات، سرمایہ کاری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جبکہ ایکسپورٹ فنانس ملکی برآمدات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول پیدا کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے کی ترقی سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ حکومت پاکستان کی معیشت کو امداد سے تجارت اور سرمایہ کاری کی جانب منتقل کررہی ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ عالمی مالیاتی اداروں اور کاروباری برادری سے تعاون مزید بڑھانا ہوگا۔