پنجاب ،زرعی زمینوں کی یکجائی کا 66 سال پرانا نظام ختم، گورنر نے دستخط کر دیئے


لاہور: (سپیشل رپورٹر) زرعی زمینوں کی یکجائی کا 66 سال پرانا قانونی نظام ختم ، گورنر نے پنجاب کنسالیڈیشن آف ہولڈنگز ریپیل ایکٹ 2026 کی منظوری دےدی۔

پنجاب کنسالیڈیشن آف ہولڈنگز آرڈیننس 1960 منسوخ ، نیا قانون فوری طور پر نافذ ہوگیا، پنجاب میں 1960 کے قانون کے تحت زرعی زمینوں کی یکجائی کی کوئی نئی کارروائی شروع نہیں کی جاسکے گی،پرانا قانون ختم ہونے کے باوجود پہلے سے کیے گئے اقدامات، حاصل شدہ حقوق، مراعات، ذمہ داریاں اور واجبات برقرار رہیں گے، پہلے سے منظور شدہ زرعی زمینوں کی یکجائی کی سکیمیں بھی ختم نہیں ہوں گی، زیرالتوا معاملات نمٹانے کےلئے عبوری طریقہ کار مقرر کردیا گیا۔

پہلے سے منظور شدہ یکجائی سکیموں پر عملدرآمد کےلئے 365 روز کی حتمی مدت مقرر ،365 روز میں سکیم مکمل نہ ہونے کی صورت میں معاملہ متعلقہ ضلع کے کلکٹر کو منتقل کردیا جائے گا،زیرالتو سکیموں میں زمین کا قبضہ منتقل کرنے اوراعتراضات نمٹانے کا عمل بھی مکمل کیا جائے گا،70 فیصد یا زائد کام والی سکیم مقررہ 180 روز میں مکمل نہ ہوئی تو زمینوں کی یکجائی کی کارروائی منسوخ تصور ہوگی،پرانے نظام کے خاتمے کے بعد نامکمل سکیموں پر عملدرآمد پنجاب لینڈ ریونیو ایکٹ 1967 کے تحت متعلقہ ضلعی کلکٹر کرے گا۔