کے پی اسمبلی میں مریم نواز،رانا ثنا،عظمیٰ بخاری کے بیانات کیخلاف قرارداد منظور


پشاور:(بیورورپورٹ)دہشتگردی کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے استعمال کرنا قومی مفاد کے منافی ہے،کے پی اسمبلی نے مریم نواز کے بیان کیخلاف قرارداد منظور کرلی۔

ایوان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، مشیر وزیراعظم رانا ثنا،صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے خیبرپختونخوا کو دہشتگردی سے جوڑنے والے بیانات کےخلاف قرارداد کوکثرت رائے سے منظور کیا۔

قرارداد میں خیبر پختونخوا کےخلاف مبینہ طور پر غیر ذمہ دارانہ ، حقائق کے منافی بیانات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا دہشتگردی جیسے حساس قومی مسئلے کو سیاسی پوائنٹ سکورنگ ،الزام تراشی کےلئے استعمال کرنا قومی مفاد کے منافی ہے ایسے بیانات خیبر پختونخوا کے عوام، پولیس، سکیورٹی فورسز کی دہشتگردی کےخلاف جنگ میں دی جانےوالی بے مثال قربانیوں کی توہین کے مترادف ہیں۔

منظور کی گئی قرارداد میں کہا گیا دہشتگردی کسی ایک صوبے یا علاقے کا مسئلہ نہیں ،پوری ریاست ،قوم کا مشترکہ چیلنج ہے، قومی سلامتی کے حساس معاملے کو سیاسی الزام تراشی سے بالاتر رکھتے ہوئے آئین و قانون کے مطابق زیر بحث لایا جانا چاہیے،دہشتگردی کو سیاسی مفادات کےلئے استعمال کرنا اور ایک صوبے کو دوسرے صوبے کےخلاف کھڑا کرنا قومی یکجہتی ،پاکستان کی وفاقی وحدت کےلئے نقصان دہ ہے، دہشتگردی کیخلاف قومی سطح پریکجہتی ناگزیر ہے ،وفاقی حکومت آرٹیکل 6 کے تقاضوں کی روشنی میں ضروری کارروائی کرے۔