انگلینڈ میں شکست کے بعد قومی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ

دبئی (مشرق نیوز) انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔ آئی سی سی اعلامیہ کے مطابق پاکستان ٹیم پر ایجبسٹن ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

سلو اوور ریٹ پر پاکستان کے 11 ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس بھی منہا کر دیے گئے جس کے بعد اب پاکستان کے صرف 5 پوائنٹس باقی رہ گئے ہیں۔ قومی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں سب سے آخری پوزیشن پر موجود ہے۔ وقت کی رعایت کو مد نظر رکھتے ہوئے پاکستان ٹیم کو 11 اوورز کم کرانے کا مرتکب قرار دیا گیا ہے۔ قوانین کے تحت ہر کم اوور پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد ہوتا ہے۔

پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرتے ہوئے جرمانے کی مجوزہ سزا قبول کرلی جس کے بعد باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفنی کے ساتھ تیسرے امپائر الاو¿الدین پالیکر اور چوتھے امپائر رسل وارن نے بھی چارج عائد کیا تھا۔