سعودی ولی عہد کو فون،اظہار یکجہتی،حوثی حملے امن کےلئے خطرہ ہیں،شہباز شریف

لاہور:(خبر نگار)وزیراعظم شہباز شریف کاولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو فون،سعودی عرب کے شہری و اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کا اعادہ کیا۔

اعلامیے کے مطابق نہایت گرمجوشی اور دوستانہ ماحول میں ہونےوالی گفتگو کے دوران وزیراعظم نے سعودی قیادت ،برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کےلئے خطرہ اور عالمی معیشت ،توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔

شہبازشریف نے کہا وہ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ کشیدگی میں کمی لانے اور خطے میں امن کے قیام کےلئے کوششیں جاری رکھیں گے، وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ ،دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین،خادم حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کےلئے نیک خواہشات ،دلی احترام کا اظہار کیا۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مسلسل اور ثابت قدم حمایت ،خطے میں امن و استحکام کےلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا،دونوں رہنماوں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق اور جلد ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا۔