مذاکرات غیر مشروط ہونے چاہئیں، لانگ مارچ ختم کرنے کی کنجی بانی کے پاس ہے،پی ٹی آئی

اسلام آباد،پشاور:(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے مذاکرات سے انکار نہیں لیکن غیر مشروط ہونے چاہئیں،ملک و قوم ،جمہوریت کےلئے بات چیت کا کامیاب ہونا ناگزیر ہے، گورنر راج یا ایمرجنسی نہیں لگنی چاہیے۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہاصوبہ دہشتگردی کی لپیٹ میں ہے، بانی پی ٹی آئی کےساتھ ملاقاتوں سمیت گرفتار رہنماﺅں کو رہا کیا جائے، علاج کےلئے ڈاکٹر لندن سے نہیں بلایا گیا، لاہور میں بھی ہوتا ہے،حکومت قدغنیں لگا رہی ہے، سیاسی لوگ غیرمشروط طور پر بیٹھتے ہیں،جتنا وقت پریس کانفرنسز پر لگایا اتنا وقت مذاکرات پر لگایا ہوتا تو مسئلہ ہو جاتا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا حکومتی اراکین سے رابطے ،کوشش ہے مسائل کا حل بات چیت سے نکالا جائے،محسن نقوی سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، علامہ ناصر عباس سے ملاقات کےلئے آیا اور آل پارٹیز کانفرنس پر مشاورت کی گئی، علامہ راجہ ناصر عباس نے درست کہا مشروط مذاکرات نہیں ہوتے۔

پی ٹی آئی ترجمان شوکت یوسف زئی نے کہا لانگ مارچ کسی دباﺅ کے تحت ختم نہیں ہو گا، لانگ مارچ ختم کرنے کی کنجی بانی پی ٹی آئی کے پاس ہے،گورنر فیصل کریم کنڈی نے کس حیثیت میں چیف سیکرٹری ،آئی جی کو طلب کیا؟ گورنر اختیارات سے تجاوز کر چکے ،18ویں ترمیم کے بعد گورنر کے پاس اخروٹ توڑنے کا بھی اختیار نہیں، وزیر اعظم صرف میڈیا پر مذاکرات مذاکرات نہ کھیلیں، اختیارات ہیں تو اپوزیشن کے جائز مطالبات تسلیم کریں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا گورنر راج کی دھمکی دینے والوں کی اپنی کارکردگی صفر ہے، وفاقی حکومت ہائیکورٹ ، سپریم کورٹ کے فیصلوں کا احترام کرے،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ،ہسپتال منتقل کرنے کے مطالبات سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سمیت تمام اسیر خواتین کو رہا کرے۔