اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20دسمبر کو ہوں گے،الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا


اسلام آباد: (بیورورپورٹ)اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20دسمبر کو ہوں گے،الیکشن کمیشن نے شیڈول جاری کردیا۔

ای سی پی کے مطابق بلدیاتی انتخابات 2015 قانون کے تحت کرائے جائیں گے، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کیلئے عوامی نوٹس 30 اکتوبر کو جاری کیا جائے گا، امیدواروں سے کاغذات نامزدگی 2 سے 6 نومبر تک وصول کئے جائیں گے،امیدواروں کے ناموں کی فہرست 7 نومبر کو شائع ،کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، ریٹرننگ افسروں کے فیصلوں کےخلاف اپیلیں 14 سے 18 نومبر تک دائر کی جا سکیں گی، اپیلوں پر فیصلے 19 سے 23 نومبر تک کئے جائیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کی حتمی فہرست 25 نومبر کو جاری کی جائے گی،انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ،پولنگ 20 دسمبر کو صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوگی،21 سے 24 دسمبر تک بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان ہوگا،اسلام آباد میں سرکاری افسروں کے تبادلوں ،تعیناتیوں کیلئے الیکشن کمیشن کی پیشگی منظوری لازمی قرار دےدی ،ای سی پی نے کہاانتخابی عمل کو شفاف ، منصفانہ بنانے کیلئے ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، عام تعطیل کے باوجود الیکشن کمیشن ،ریٹرننگ افسروں کے دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ انتخابی امور بروقت نمٹائے جا سکیں۔