صوبائی پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا مذاکرات میں علی امین گنڈاپور کی نمائندگی کا مطالبہ

پشاور (مشرق نیوز) خیبر پختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے متفقہ اعلامیہ میں مذاکراتی عمل میں صوبائی نمائندگی دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ مذاکرات میں صوبائی پارلیمانی پارٹی کو نمائندگی دی جائے اور علی امین گنڈاپور صوبے کی جانب سے نمائندگی کریں۔

پارلیمانی پارٹی کے اعلامیہ کے مطابق آئینی طور پر سہیل آفریدی وزیراعلیٰ اور جنید اکبر صوبائی صدر ہیں۔ اجلاس میں آئینی و تنظیمی عہدوں سے متعلق نہ کوئی فیصلہ کیا جا سکتا ہے اور نہ ایسا کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔ اعلامیہ میں مرکزی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کے بیان اور پوسٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے پوسٹ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

اسی طرح پارٹی قیادت سے بھی مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر واضح اور موثر احتجاجی لائحہ عمل دے۔